ایرون فنچ 10 یا زائد ون ڈے سنچریاں بنانے والے 50ویں کھلاڑی بن گئے، انگلینڈ کے خلاف 5 سنچریاں بنا کر پونٹنگ اور جے وردھنے کے ہم پلہ ہو گئے، ٹیسٹ کھیلے بغیر 10 ون ڈے سنچریاں بنا کر دوسرے کھلاڑی کا اعزاز بھی پا لیا

جمعہ 19 جنوری 2018 18:20

برسبین ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2018ء) آسٹریلوی ٹیم کے مایہ ناز اوپننگ بیٹسمین ایرون فنچ ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 10 یا زائد سنچریاں بنانے والے دنیا کے 50ویں کھلاڑی بن گئے، انگلینڈ کے خلاف 5 سنچریاں بنا کر رکی پونٹنگ اور مہیلا جے وردھنے کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا، اس کے علاوہ فنچ نے ٹیسٹ کھیلے بغیر 10 سنچریاں بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی حاصل کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں فنچ نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری سکور کی، یہ ان کی مسلسل دوسری اور مجموعی طور پر دسویں سنچری ہے، اس کے ساتھ ہی وہ ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں دس یا زائد سنچریاں بنانے والے دنیا کے پچاسویں کھلاڑی بن گئے، اس کے علاوہ وہ انگلینڈ کے خلاف پانچ سنچریاں بنانے والے آسٹریلیا کے دوسرے اور مجموعی طور پر تیسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل پونٹنگ اور جے وردھنے بھی اعزاز پا چکے ہیں، فنچ ٹیسٹ کھیلے بغیر دس ون ڈے سنچریاں بنانے والے بھی دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل آئرلینڈ کے ولیم پورٹر فیلڈ بھی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
وقت اشاعت : 19/01/2018 - 18:20:07