سہ ملکی ٹی20 سیریز کیلئے آسٹریلین اسکواڈ کا اعلان، اسٹیون اسمتھ کو آرام دیدیا گیا

بدھ 24 جنوری 2018 16:43

میلبورن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 جنوری2018ء) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ شیڈول سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کو مدنظر رکھتے ہوئے کپتان اسٹیون اسمتھ کو ٹی ٹونٹی سیریز میں آرام کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔اسٹوین اسمتھ کی جگہ اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ انجری مسائل سے نجات پانے والے ٹی20 اسپیشلسٹ کرس لن کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رواں بگ بیش لیگ میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تین کھلاڑی ڈی آر سی شارٹ، ایلکس کیری اور بین ڈوارشوئس پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔سہ ملکی سیریز3 سے 21 فروری تک کھیلی جائے گی جس میں آسٹریلیا کے علاوہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔اعلان کردہ اسکواڈ کپتان ڈیوڈ وارنر، ایرون فنچ، ایشٹن ایگار، ایلکس کیری، بین ڈوارشوئس، ٹریوس ہیڈ، کرس لن، گلین میکسویل، کین رچرڈسن، ڈی آر سی شارٹ، بلی اسٹین لیک، مارکس اسٹوئنس، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 24/01/2018 - 16:43:28