نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ ، بابر اعظم پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے

پیر 29 جنوری 2018 12:03

نئی ٹی ٹونٹی رینکنگ ، بابر اعظم پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے دوسرے پاکستانی بلے باز بن گئے
دبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جنوری2018ء)پاکستان کے بابر اعظم نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں بلے بازوں کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ،باﺅلرز کی فہرست میں نیوز ی لینڈ کے مچل سینٹنر نے پہلی پوزیشن سنبھالی ۔بابر اعظم نے نیو زی لینڈ کیخلاف ٹی ٹونٹی سیریز میں 109رنز بنا 11سیڑھیاں پھلانگتے ہوئے پہلی پوزیشن پر قبضہ جمایا ،انہیں اب 786پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود آسٹریلیوی اوپنر ایرون فنچ پر 2پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ،بابر اعظم مصباح الحق کے بعد ٹی ٹونٹی کے بہترین بلے باز بننے والے دوسرے پاکستان بیٹسمین ہیں ، ان سے قبل سا بق کپتان مصباح الحق نے 2009ءمیں یہ اعزاز حاصل کیا تھا ، ٹی ٹونٹی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن کے ساتھ سیریز کا آغاز کرنے والے کیوی بلے باز کولن منرو 2میچز میں 50رنز سکور کرنے کے بعد اب چوتھے نمبر پر چلے گئے ہیں ، کپتان سرفراز احمد کو سیریز میں79رنز بنانے کا صلہ 21درجے ترقی کی صورت میں ملا اور اب وہ 76پوزیشن سے چھلانگ مار کر 55ویں نمبر پر براجمان ہوگئے ہیں جبکہ قومی ٹیم کے اوپنر فخر زمان سیریز میں 99رنز سکور کرکے 112ویں سے 71ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں ،احمد شہزاد بھی رینکنگ میں 2درجے پھلانگ کر 25ویں نمبرپر موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

ادھر باﺅلرز کی رینکنگ میں مچل سینٹنر نے ہم وطن اش سوڈی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلا نمبر حاصل کیا اور اب انہیں دوسرے نمبر پر موجود افغان لیگ سپنر راشد خان پر ایک پوائنٹ کی برتری حاصل ہے جبکہ اش سوڈی کی تیسری پوزیشن پر تنزلی ہوگئی ہے ۔ ٹی ٹونٹی سیریز میں سب سے زیادہ 5شکار کرنے والے پاکستانی لیگ سپنر شاداب خان نے 28درجے ترقی پاکر14ویں پوزیشن سنبھال لی ہے جبکہ فاسٹ باﺅلر محمد عامر بھی سیریز میں 3شکار کرکے 46ویں سے 27ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں نیوزی لینڈ کے ٹیم ساﺅتھی نے 70ویں سے53ویں ، پاکستان کے رومان رئیس نے 125ویں سے 92ویں اور فہیم اشرف نے 133ویں سے 102ویں پوزیشن پر چھلانگ ماری ہے ۔

آل راﺅنڈر ز کی فہرست میں کوئی تبدیلی دیکھنے میں نہیں آئی اور بنگلہ دیش کے شکیب الحسن بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل کا دوسرا نمبر ہے ۔
وقت اشاعت : 29/01/2018 - 12:03:48