فٹ بال کلب خریدنے کےلئے بیوی کے 50 لاکھ پاﺅنڈ چرانےوالے اماراتی شہری کو 5سال قید

جمعہ 16 فروری 2018 12:36

فٹ بال کلب خریدنے کےلئے بیوی کے 50 لاکھ پاﺅنڈ چرانےوالے اماراتی شہری کو 5سال قید
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16فروری2018ء)متحدہ عرب امارات میں انگلش فٹبال کلب پورٹسمتھ کے سابق مالک سلیمان الفہیم کو بیوی کے 50 لاکھ برطانوی پاﺅنڈ چرا کر فٹبال کلب خریدنے کے جرم میں5سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔مقدمے کی سماعت کے موقع پر 42 سالہ سلیمان الفہیم عدالت میں موجود نہیں تھے اور ان کی غیرحاضری میں یہ فیصلہ سنایا گیا ۔استغاثہ کا کہنا تھا کہ سلیمان الفہیم کی بیوی کو جب معلوم ہوا کہ جو اکاﺅنٹ انھوں نے 2009 ءمیں کھلوایا تھا اس میں متوقع منافع کی شرح کے مطابق ملنے والی رقم غائب تھی تو انھوں نے بینک مینیجر سے رابطہ کیا لیکن وہ ستمبر 2011ءمیں بار بار پوچھنے کے باوجودٹال مٹول کرتا رہا۔

جب انھوں نے خود بینک جاکر پتا کیا تو انھیں بتایا گیا کہ ان کے اکاﺅنٹ میں کوئی رقم موجود نہیں ہے،انھوں نے بینک کے قانونی شعبے سے رابطہ کیا لیکن جب انھوں نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی تو انھوں نے اس بارے میں پولیس کو مطلع کیا۔

(جاری ہے)

دبئی کریمنل کورٹ نے بینک مینیجر کو بھی چوری، سرکاری دستاویزات میں جعلسازی اور جعلی دستاویزات کے استعمال کا مجرم ٹھہراتے ہوئے 5سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔سلیمان الفہیم جب پورٹسمتھ کلب کے مالک بنے تب یہ کلب انگلش پریمیئر لیگ کا حصہ تھا اور اسے مالی مشکلات درپیش تھیں جس کے باعث اسے کھلاڑیوں اور عملے کو ادائیگیوں میں بھی مشکل پیش آ رہی تھی۔
وقت اشاعت : 16/02/2018 - 12:36:57