کراچی چیمبر کا اعلی سطحی تجارتی وفد 26 فروری کو ماریشیس روانہ ہوگا

وفد تجارت بڑھانے، ماریشیس کے ذریعے افریقی ممالک تک رسائی کی ممکنات کا جائزہ لے گا

پیر 19 فروری 2018 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 فروری2018ء) ماریشین صدر ڈاکٹر امینہ گریب فاکم (Dr. Ameenah Gurib-Fakim) کی جانب سے مدعو کئے جانے پر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا ایک اعلی سطحی تجارتی وفد 26 فروری 2018کو ماریشیس کے لئے روانہ ہوگا تاکہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع نہ صرف ماریشیس اور اس کے ہمسایہ ممالک میں تلاش کئے جاسکیں بلکہ افریقہ کی وسیع مارکیٹ میں ماریشیس کے ذریعے موئثر طریقے سے داخل ہونے کے طریقوں اور ذرائع کا بھی جائزہ لیا جاسکے۔

کراچی چیمبر کی سے جاری ایک بیان کے مطابق وفد نائب صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف کی سربراہی میں ماریشیس کا دورہ کرے گا جہاں وہ ماریشین صدر، ماریشیس چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران، گرین وچ یونیورسٹی کے نمائندوں، پاکستانی ہائی کمشنر سے ملاقاتوں کے علاوہ ماریشین تاجر و صنعتکار برادری کے ساتھ بھی مختلف اجلاس کریں گے۔

(جاری ہے)

ماریشیس کے مذکورہ بالا دورے پر اظہار خیال کرتے ہوئے، نائب صدر کے سی سی آئی ریحان حنیف نے کہا کہ اولین مقصد دونوں ممالک کے درمیان موجودہ معمولی تجارت کو بڑھانا تو ہے ہی ساتھ ہی ماریشیس کے ذریعے پاکستانی مصنوعات کو افریقی ممالک بھیجنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ماریشین ہم منصبوں سے باظابطہ اجلاسوں کے علاوہ، کراچی چیمبر کا وفد اس خوبصورت جزیرے میں مقیم پاکستانیوں کے ساتھ بھی غیر رسمی ملاقاتوں کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ریحان حنیف کافی پر اُمیدہیں کہ کراچی چیمبر کے وفد کے ماریشیس دورے سے یقینا دونوں ممالک کی تاجر برادریاں ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گی اور ساتھ پاکستان اور ماریشس کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے کی راہیں ہموار ہوں گی۔
وقت اشاعت : 19/02/2018 - 16:30:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :