جنسی جرائم کی سزا سرعام دینا اسلام کے عین مطابق ہے،حافظ عاکف سعید

پیر 26 فروری 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء)جنسی جرائم کی سزا سرعام دینا اسلام کے عین مطابق ہے۔یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے ایک بیان میں کہی۔ اُنہوں نے اس بات پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا کہ ہمارے بعض دانشوروں کو مظلوم کی بجائے ظالم سے ہمدردی پیدا ہو جاتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ شریعت اسلامی میں سرعام سزا دینے کا حکم اور مقصد یہ ہے کہ عام لوگ عبرت حاصل کریں اور جرم کے حوالے سے اُن کے دل میں خوف پیدا ہو۔

اُنہوں نے کہا کہFATF کے اجلاس کے ایجنڈے سے پاکستان پر پابندیوں کی شق کے نکلنے پر کسی خوشی کے اظہار کی ضرورت نہیں۔ ہمیں معاشی لحاظ سے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کی ضرورت ہے تاکہ اغیار ہم پر ایسی پابندیاں نہ لگا سکیں جو ہمارے دینی عقائد یا ملکی سلامتی کے حوالے سے ناپسندیدہ ہوں۔

(جاری ہے)

امیر تنظیم نے حکومت اور عدلیہ کے درمیان چپقلش کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اِس وقت جب بیرونی دشمن پاکستان کی سلامتی پر ضرب لگانے کے لیے عذر تلاش کر رہا ہے، اداروں کا باہمی تصادم انتہائی خطرناک ثابت ہو گا۔

اُنہوں نے کہا کہ اگر ملک میں اسلامی نظام قائم ہو جائے اور نجی اور ریاستی سطح پر اللہ اور رسولؐ کے احکامات کی پابندی ہوتو ہر فرد اور ادارہ اپنی ذمہ داری ادا کرے گا اور کسی قسم کے تصادم کا کوئی سوال پیدا نہیں ہو گا۔
وقت اشاعت : 26/02/2018 - 16:10:08