عوام 2018کے انتخابات کو کرپٹ اور نااہل سیاستدانوں کیلئے یوم احتساب بنائیں گے ‘ذکر اللہ مجاہد

ملکی سیاست میں اخلاقیات کی دھجیاںبکھیرنے والے سیاستدان آج اس کی سزا خدعوام کے ہاتھوں بھگت رہے ہیں

بدھ 14 مارچ 2018 16:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2018ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ عوام 2018کے انتخابات کو کرپٹ اور نااہل سیاستدانوں کیلئے یوم احتساب بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے دفتر جماعت اسلامی لاہور میںسیاسی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں نائب امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ، سابق ایم پی اے سید احسان اللہ وقاص، جماعت اسلامی علاقہ شمالی کے امیر چوہدری محمد شوکت ، امیر جماعت اسلامی علاقہ غربی خالد احمد بٹ ، سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، امیر جماعت اسلامی علاقہ شرقی لاہور عبدالرشید مرزا ، محسن بشیر ، محمد یونس میو و دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہاکہ سیاست میں بداخلاقی کسی بھی صورت برداشت نہیں کیونکہ دین اسلام اس چیز کی اجازت نہیں دیتا ۔ ملکی سیاست میں اخلاقیات کی دھجیاںبکھیرنے والے سیاستدان آج اس کی سزا خُدعوام کے ہاتھوں بھگت رہے ہیں ۔ عوام اب کرپٹ سیاستدانوں کے جھوٹے وعدوں اور دعوئوں سے تنگ آچکی ہے، کمر توڑ مہنگائی سے ملک بھر میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں تشویش ناک حد تک اضافے نے غریب اور متوسط طبقات کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے جس پر قابو پانے کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتیں مکمل ناکام ہو چکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے اندر ہمیں بطور سچا پاکستانی ان شخصیات کو پہچاننا ہوگا جو گذشتہ کئی دہائیوں سے لسانی ، صوبائی عصبیتوں کے دلفریب نعرے لگا کر اپنے نادیدہ سیاسی مقاصد حاصل کر رہے ہیں اور ملکی سرمایہ غیر ملکی بنکوں میں بھیج کر ملک کی معیشت کو کمزور بنا رہیں ان کرپٹ سیاستدانوں اور افراد کے خلاف عوام کو اٹھنا ہوگا جو ملک و قوم کا سرمایہ دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن ، بے روز گاری ، غربت و افلاس ، اقرباپروری کے خاتمے کی جدہوجہد کر رہی ہے جس کیلئے عوام جماعت اسلامی کی صالح قیادت کا ساتھ دے۔
وقت اشاعت : 14/03/2018 - 16:50:29