شکیب الحسن کی سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے آخری میچ کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم میں واپسی

جمعرات 15 مارچ 2018 15:24

ڈھاکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2018ء) سٹار آل رائونڈر شکیب الحسن کی سری لنکا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کے چھٹے اور آخری میچ کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان شیڈول میچ ناک آئوٹ میچ کی صورت اختیار کر گیا ہے، دونوں ٹیموں نے ایک، ایک میچ جیت رکھا ہے اسلئے آخری میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنا لے گی، بھارتی ٹیم تین میچز جیت کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شکیب الحسن کی انگلی کی انجری میں کافی حد تک بہتری آئی ہے اسلئے انہیں سری لنکا کے خلاف آخری میچ کیلئے دوبارہ ٹیم میں طلب کیا گیا ہے، سٹار آل رائونڈر کی واپسی کا مطلب ہے کہ وہ سری لنکا کے خلاف میچ میں ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے، ان کی عدم موجودگی میں محموداللہ قائم مقام کپتان کی ذمہ داری سنبھال رہے تھے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ شکیب الحسن 27 جنوری کو سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز میں سری لنکا کے خلاف فائنل کے دوران انگلی کی انجری میں مبتلا ہوئے تھے جس کے باعث وہ سری لنکا کے خلاف ہوم ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے، اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ اور سری لنکا میں جاری سہ ملکی سیریز کے ابتدائی تین میچز بھی نہیں کھیل سکے۔
وقت اشاعت : 15/03/2018 - 15:24:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :