افغان لیگ سپنر راشد خان 100 ون ڈے وکٹیں لینے والے تیز ترین باﺅلر بن گئے

اتوار 25 مارچ 2018 14:32

افغان لیگ سپنر راشد خان 100 ون ڈے وکٹیں لینے والے تیز ترین باﺅلر بن گئے
ہرارے(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25مارچ2018ئ)افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان ایک روزہ میچوں میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین باﺅلر بن گئے ہیں ۔ راشد خان نے آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائر کے فائنل میں ویسٹ انڈین بلے باز شائی ہوپ کو آﺅٹ کرکے 44میچز میں یہ اعزاز حاصل کیا ، اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے مچل سٹارک کے پاس تھا جنھوں نے اپنی 100ویں وکٹ 52ویں میچ میں حاصل کی تھی۔

19 سالہ راشد خان کا یہ ریکارڈ اپنے نام کرنا اس لیے بھی انتہائی شاندار ہے کیونکہ 50 وکٹیں حاصل کرنے والے تیز ترین باﺅلرز میں ان کا آٹھواں نمبر تھا جو کہ انھوں نے 26 میچوں میں مکمل کیا تھا۔ اس کا مطلب ہے کہ انھوں نے اس کے بعد 18 میچوں میں 47 وکٹیں لے لیں ہیں۔ایک روزہ میچوں میں کم از کم 1000 گیندیں کروانے والے بولرز میں راشد کی ایوریج (اوسط) 14.14 فی وکٹ، اور سٹرائیک ریٹ 21.4 گیندیں فی وکٹ بھی بہترین ہیں۔

(جاری ہے)

افغانستان دنیا کی بہترین ٹیموں کے خلاف قدرے کم کھیلتی ہے اس لیے راشد خان کی 40 وکٹیں زمبابوے کے خلاف اور 33 آئرلینڈ کے خلاف ہیں۔ ان کے کیریئر کی بہترین باﺅلنگ 18 رنز کے عوض 7 وکٹیں ہیں جو انھوں نے جون 2017 ءمیں ویسٹ انڈیز کے خلاف حاصل کیں۔راشد خان 19سال186دن کی عمر میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے کم عمر ترین کھلاڑی ہیں ،انہوں نے 2139گیندیں کرکے یہ اعزاز اپنے نا م کیا جو خود بھی ایک ریکارڈ ہے ۔
وقت اشاعت : 25/03/2018 - 14:32:35