تحصیل حضرو میں تمام ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیاد وں پر مکمل کی جائیں گی

حضرو کو مثالی علاقہ بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں،صوبائی وزیر جہانگیر خانزادہ

منگل 27 مارچ 2018 23:26

تحصیل حضرو میں تمام ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیاد وں پر مکمل کی جائیں گی
حضرو ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2018ء) صوبائی وزیر کھیل جہانگیر خانزادہ نے کہا کہ تحصیل حضرو میں تمام ترقیاتی سکیمیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائیں گی اور علاقے کو ترقیاتی حوالے سے ایک مثالی علاقہ بنانے کے لئے ہر سطح پر کوششیں کی جارہی ہیں اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تمام سکیموں کے لئے وافر تعداد میں فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار علاقے کے عمائدین سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے ترقیاتی کاموں کی جلد تکمیل کیلئے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے -انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں پوری تندہی اور محنت سے صوبے کے مسائل کو حل کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے - صوبے میں ہر لحاظ سے ایک انقلابی تبدیلی رونما ہوئی ہے اور صوبے میںصحت و تعلیم کے ساتھ ذرائع مواصلات اور دیگر تمام شعبہ ہائے زندگی میں بڑی تیز رفتاری کے ساتھ کام کیا گیا ہے اور صوبہ پنجاب ملک بھر کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں ایک رول ماڈل بن گیا ہے - انہوں نے کہا صوبے کے بڑے شہروں میں میٹرو کے علاوہ دور دراز علاقوں میں وزیر اعلی کے پروگرام کے تحت سڑکوں کا جال بچھا یا جارہا جس سے صوبے میں اجناس اور دیگر اشیاء کے نقل و حمل میں بہتری اور تیزی آئی ہے اور عوام الناس کو بہترین اور آرام دہ ذرائع مواصلات میسر آئے ہیں - اسی طرح ضلع اٹک میں بھی جو کام ہوئے ہیں ان کی مثال اس سے قبل نہیں ملتی -انہوں نے کہا کہ اٹک میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں گیس کی فراہمی اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کا عمل تیزی سے جاری ہے - انہو ںنے کہا کہ اپوزیشن مخالفت برائے مخالفت کا راگ الاپنے کی بجائے عوام الناس کی بہتری کے لئے حکومت کو اچھی تجاویز دے تاکہ کام مزید بہتری لائے جاسکے ۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ الیکشن میں ہماری کارکردگی اور ہمارے کام بولیں گے اور مخالفین کو ایک بار پھر عزیمت کا سامنا کرنا پڑے گا ۔
وقت اشاعت : 27/03/2018 - 23:26:57