ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے پر تنقید کرنےوالے بھارتی شہری کو ثانیہ مرزا کا کرارا جواب

جمعرات 12 اپریل 2018 13:41

ہندوستان کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے پر تنقید کرنےوالے بھارتی شہری کو ثانیہ مرزا کا کرارا جواب
نئی دہلی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔12اپریل 2018ء)بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کو 8سالہ بچی کا ریپ کرنےوالے ملزمان کے حمایتی ہندوﺅں کیخلاف بیان دینا مہنگا پڑ گیا،حکمرا ن جماعت بی جے پی کے ایک رہنما نے ثانیہ مرزا کو ہندوستانی شہری ماننے سے بھی انکار کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 31 سالہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا نے 8سالہ بچی کا ریپ کرنے والے ملزمان کے حق میں احتجاج کرنے والے ہندوﺅں کیخلاف ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ” کیا ہم اس حوالے سے دنیا میں بطور بھارتی پہچان بنانا چاہتے ہیں ؟ ،اگر ہم اپنے رنگ ،نسل، مذہب اور قبیلے سے بالاتر ہوکر اب بھی اس 8سالہ بچی کیلئے آواز نہیں اٹھاسکتے تو پھر ہم دنیامیں کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ،انسانیت کیلئے بھی نہیں،یہ سب میرا سر شر م سے جھکانے کیلئے کافی ہے “۔

(جاری ہے)

 ثانیہ مرزا کا یہ ٹویٹ ہندو انتہا پسند جماعت بھارتی جنتا پارٹی کے ایک رہنما کو ہضم نہیں ہوا جس نے پرانے گڑھے مردے اکھاڑتے ہوئے لکھا کہ ”انتہائی احتراما عرض کررہا ہوں میڈم کہ آپ کس ملک کی بات کررہی ہیں ؟،آخری بار جب میں نے پتہ کیا تھا تو آپ تو ایک پاکستانی سے شادی کرچکی تھیں اور اب بھارتی شہری نہیں رہی ہیں ،اگر آپ کو ٹویٹ کرنا ہی ہے تو ان معصوموں کیلئے بھی ٹویٹ کریں جو پاکستان سے دہشت گردی کا نشانہ بنے “ ۔

ثانیہ مرزا نے بھی مذکورہ شخص کوترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ” سب سے پہلے تو کوئی بھی کسی ملک سے شادی نہیں کرتا بلکہ آپ ایک شخص سے شادی کرتے ہیں ، دوسرا یہ کہ تم جیسا نیچ انسان مجھے نہیں بتا سکتا کہ میں کس ملک سے تعلق رکھتی ہوں،میں بھارت کیلئے کھیلتی ہوں ، بھارتی شہری ہوں اور ہمیشہ رہوں گی ،اور شاید ایک دن جب تم بھی مذہب اور ملکی سرحدوں سے باہر نکل کر دیکھو تو شاید انسانیت کیلئے کھڑے ہوسکو گے “ ۔
وقت اشاعت : 12/04/2018 - 13:41:27