میتھیوز اور ڈکویلا کی نصف سنچریاں رائیگاں، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، پروٹیز کو 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل، ڈی کوک کی 87 رنز کی عمدہ اننگز، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

بدھ 1 اگست 2018 23:49

میتھیوز اور ڈکویلا کی نصف سنچریاں رائیگاں، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں 4 وکٹوں سے ہرا دیا، پروٹیز کو 5 میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل، ڈی کوک کی 87 رنز کی عمدہ اننگز، میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
دمبولا ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں 4 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی، پروٹیز نے 245 رنز کا ہدف 43 ویں اوور کی پانچویں گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، کوئنٹن ڈی کوک نے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

اینجلو میتھیوز کی 79 اور نیروشن ڈکویلا کی 69 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں۔ ڈی کوک کو شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ بدھ کو دمبولا میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں سری لنکن کپتان میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو ان کیلئے درست ثابت نہ ہو سکا، میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے، میتھیوز 79 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ڈکویلا 69 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں کھلاڑی رہے، اپل تھرنگا 9، کوسل مینڈس بغیر کوئی رن بنائے، کوسل پریرا 12، شیہان جے سوریا 18، تھسارا پریرا 19 دانن جایا 9 اور سرنگا لکمل 7 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، پہلک وایو اور لونگی نگیڈی نے 3، 3 ربادا اور ملڈر نے ایک، ایک وکٹ لی۔

(جاری ہے)

جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 43 ویں اوورز میں 6 وکٹوں پر حاصل کیا، ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 91 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، آملہ 43 رنز بنا کر چلتے بنے، ایڈن مرکرم کا بلا نہ چلا اور 3 رنز بنا سکے، اس موقع پر کپتان ڈوپلیسی نے کوک کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑ کر سکور 162 تک پہنچا دیا، یہاں پر کوک جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 87 کے انفرادی سکور پر راجیتھا کی گیند کا نشانہ بنے، 195 کے سکور پر پروٹیز کو کپتان ڈوپلیسی کا نقصان اٹھانا پڑا جو 49 رنز بنا کر دانن جایا کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر ایک بار پھر ناکام رہے اور 3 رنز بنا کر چلتے بنے، 231 کے سکور پر جنوبی افریقہ کی چھٹی وکٹ گری جب ڈومنی 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ملڈر نے 17 اور پہلک وایو نے 7 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، دانن جایا نے 3، لکمل، راجیتھا اور پریرا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

وقت اشاعت : 01/08/2018 - 23:49:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :