ایس ایس بی انٹر کلب ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال چمپئن شپ، عرفان میموریل اور برما محمڈن کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں

پیر 1 اکتوبر 2018 14:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2018ء) ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ اسپورٹس بورڈ حکومت سندھ کے اشتراک سے ڈاکٹر محمد علی شاہ فٹ بال سٹیڈیم کورنگی میں جاری ’’ایس ایس بی انٹر کلب ڈسٹرکٹ ایسٹ فٹ بال چمپئن شپ 2018ء‘‘ میں مزید 2 اہم میچوں کے فیصلے ہو گئے۔ کھیلے گئے پہلے پری کوارٹر فائنل معرکہ میں لانڈھی کی معروف ٹیم عرفان میموریل فٹ بال فٹ بال کلب نے مدمقابل کوہاٹ سپورٹس کو سخت مقابلے کے بعد 1-0 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں قدم رکھ دیا۔

فاتح کلب عرفان میموریل کی جانب سے فیصلہ کن گول عامر نی کیا۔ دوسرے پری کوارٹر فائنل معرکہ میں میزبان ٹیم برما محمڈن نے ایک سخت اور کانٹے دار مقابلے کے بعد مدمقابل چنیسر بلو کو طارق کے گول کی بدولت 1-0 سے مات دے کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

(جاری ہے)

میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سندھ ریفریز ایسوسی ایشن کے صدر اقبال جونیئر اور سیکرٹری سعید خان سے کھلاڑیوں کا تعارف کرایا گیا۔

اس موقع پر سیکرٹری ڈی ایف اے ایسٹ عبید اللہ خان، ماسٹر ریاست علی، برما محمڈن کے روح رواں محمد اسلام، اجمیل خٹک، نیشنل ریفری شاہ نواز شانی اور دیگر موجود تھے۔ کھیلے گئے میچوں میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری جاوید بنگش، رائو فاروق، جمیل ناز، محمد سلیم سلا اور محمد عثمان نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر راجہ وسیم کیانی اور میڈیا کوآرڈینٹر شیر افضل تھے۔
وقت اشاعت : 01/10/2018 - 14:42:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :