وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اللہ دتہ مہر

بدھ 17 اکتوبر 2018 14:23

وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں، کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے، اللہ دتہ مہر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2018ء) وفاقی دارالحکومت میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ گذشتہ روز فیڈرل بورڈ انٹر ڈائریکٹوریٹ بوائز فٹ بال چیمپئن شپ کے چیف آرگنائزنگ اللہ دتہ مہر نے اسلام آباد ماڈل پنجاب کامرس کالج ایچ ایٹ فور میں ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے میدان میں کھیلوں کے قوانین کی پاسداری کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل ہمیں محبت، امن اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی قوم کا سرمایہ اور امن کے سفیر کا درجہ رکھتے ہیں ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہم سب کا فرض ہے۔ اللہ دتہ مہر نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی کسی سے کم نہیں ہیں بلکہ ان سکول اور کالجز کے کھلاڑیوں نے ہی عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلباء و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کو معاشرتی برائیوں سے بچانے اور صحت مند معاشرے کی تشکیل کیلئے کھیلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو کھیل کے ساتھ ساتھ اپنی تعلیم پر بھی توجہ دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت فیڈرل بورڈ انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام فیڈرل بورڈ انٹر ڈائریکٹوریٹ سکولز بوائز فٹ بال چیمپئن شپ اسلام آباد میں جاری ہے جس میں 29 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنلز 19 اکتوبر کو جبکہ فائنل 20 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
وقت اشاعت : 17/10/2018 - 14:23:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :