آل کراچی سجاد احمد(عرف ساجد ) یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ 2018 میں تین میچوں کا فیصلہ

ہفتہ 20 اکتوبر 2018 18:37

آل کراچی سجاد احمد(عرف ساجد ) یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ 2018 میں تین میچوں کا فیصلہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اکتوبر2018ء) امتیاز اسپورٹس فٹبال کلب کے سابقہ کھلاڑی مرحوم سجاد احمد (عرف ساجد حسین) کے نام سے امتیاز اسپورٹس اور نیشنل فائٹر فٹبال کلب کے زیر اہتمام، ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کراچی (ایسٹ) کے تعاون سے آل کراچی سجاد احمد(عرف ساجد ) یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ 2018 میں تین میچوں کا فیصلہ ہوگیا۔

ان میچز میں فائیو اسٹارنے ینگ ہزارہ ایف سی کو پنالٹی ککس پر4-3 سے، ینگ قیوم آباد نے کورنگی مجاہد کو 3-0سے اورمحمود آباد محمڈن نے کورنگی جم خانہ کو پنالٹی ککس پر 5-4 سے شکست دیدی۔ نیشنل فائٹر فٹبال گراونڈ ریلوے کالونی کراچی کینٹ میں آل کراچی سجاد احمد(عرف ساجد ) یادگاری فٹبال ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میںفائیو اسٹار ایف سی نے ینگ ہزارہ ایف سی کو پنالٹی ککس پر4-3 سے ہرادیا۔

(جاری ہے)

میچ مقررہ وقت میں ایک ایک گول سے برابر رہا۔ میچ کے آغاز سے ہی دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پر بھرپور حملے کئے اور ناکام سائیڈ ینگ ہزارہ ایف سی نی10 ویں منٹ میں زبیر کے گول کی بدولت میچ میں1-0 کی سبقت حاصل کی۔ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد فائیو اسٹار نے جوابی حملے کئے لیکن گول کرنے میں کامیابی نہیں مل سکی۔ ہاف ٹائم میں ینگ ہزارہ ایف سی کی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی۔

دوسرے ہاف میں فائیو اسٹار کیجانب سی40 ویں منٹ میں یوسف نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ مقررہ وقت میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر ہونے کے بعد دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دیں گئیں، جس میں فائیو اسٹار ایف سی نے ینگ ہزارہ ایف سی کو پنالٹی ککس پر4-3 سے قابو کرلیا۔ دوسرے میچ میں ینگ قیوم آباد نے کورنگی مجاہد کو 3-0سے ٹھکانے لگادیا۔

ینگ قیوم آباد کی جانب سے پہلے ہاف کی10 ویں منٹ میں جاوید نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں1-0 کی سبقت دلوادی۔ایک گول کے خسارے میں جانے کے بعد کورنگی مجاہد نے گول برابر کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں مل سکی۔ پہلے ہاف کے اختتام پر ینگ قیوم آباد ایف سی ٹیم 1-0سے جیت رہی تھی۔ دوسرے ہاف میں ینگ قیوم آباد کی طرف سے میچ کا دوسرا گول45 ویں منٹ میں وحید الرحمان نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کی سبقت کو2-0 سے دگنا کردیا۔

میچ کا تیسرا گول ینگ قیوم آباد کی جانب سی53 ویں منٹ میں جنید خان نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں3-0 سے سرخرو کردیا۔ تیسرے میچ میں محمود آباد محمڈن نے کورنگی جم خانہ کو مقررہ وقت میں مقابلہ 2-2گول سے برابر رہنے کے بعد پنالٹی ککس پر5-4 سے قابو کرلیا۔ محمود آباد محمڈن نے کھیل کے پہلے ہاف کے 12ویں منٹ میں صمد کے گول کی بدولت میچ میں1-0 کی سبقت حاصل کی۔

جس کو پانچ منٹ کے بعد17 ویں منٹ میں کورنگی جم خانہ کے ریحان نے گول کرکے مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کردیا۔ پہلے ہاف میں مقابلہ ایک ایک گول سے برابر تھا۔ دوسرے ہاف کی45 ویں منٹ میں کورنگی جم خانہ کی جانب سے روف نے گول کرکے اپنی ٹیم کو میچ میں 2-1کی برتری دلوادی۔ ایک گول کے خسارے میںجانے کے بعد محمود آباد محمڈن کی جانب سے زیشان نے میچ کے اختتام سے ایک منٹ قبل 59 ویں منٹ میں گیندکو جال میں پہنچاکر مقابلہ2-2 گول سے برابر کردیا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لئے دونوں ٹیموں کو پنالٹی ککس دیں گئیں۔ جس میں محمود آباد محمڈن نے کورنگی جم خانہ کو پنالٹی ککس پر 5-4 سے مات دیدی۔ میچ کے ریفری شوکت حسین، اسسٹنٹ نور محمد، محمد سجاول، خرم شہزاد ، میچ کمشنر کیپٹن یونس، محمد نواز عباسی اور میڈیاکوآرڈینیٹر علی رضا تھے۔
وقت اشاعت : 20/10/2018 - 18:37:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :