سرکار اور امرالقیس کی شاندار سنچریاں،

بنگلہ دیش نے زمبابوے کو آخری ون ڈے میں 7 وکٹوں سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کر دیا، سین ولیمز کی سنچری اور برینڈن ٹیلر کی ففٹی رائیگاں، سرکار میچ اور امرالقیس کی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار

ہفتہ 27 اکتوبر 2018 16:15

چٹاگانگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اکتوبر2018ء) سومیاسرکار اور امرالقیس کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلہ دیش نے زمبابوے کو تیسرے اور آخری ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ میں با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 3-0 سے وائٹ واش کر دیا، زمبابوین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 286 رنز بنائے، سین ولیمز نے 129 رنز کی دلکش اننگز کھیلی، برینڈن ٹیلر 75 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جواب میں میزبان بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42.1 اوورز میں محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، پہلے ہی اوور کی پہلی ہی گیند پر لٹن داس کا نقصان اٹھانے کے بعد امرالقیس اور سومیا سرکار حریف بائولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں نے انتہائی شاندار اور ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 220 رنز کی قیمتی شراکت جوڑ کر زمبابوین ٹیم کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، اسی دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی اپنی سنچریاں بھی مکمل کیں، سرکار نے 6 چھکوں کی مدد سے 117 رنز کی اننگز کھیلی، امرالقیس 115 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، سرکار میچ اور امرالقیس سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

(جاری ہے)

چٹاگانگ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میں زمبابوین ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 286 رنز بنائے، سین ولیمز نے 129 رنز کی اننگز کھیلی اور آئوٹ نہیں ہوئے، برینڈن ٹیلر 75 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ہملٹن مسکڈزا 2، زہووائو صفر، سکندر رضا 40 اور پیٹر مور 28 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، نظم الاسلام نے 2 اور ابوحیدر اور محمد سیف الدین نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں میزبان بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 43 ویں اوور کی پہلی گیند پر 3 وکٹوں پر پورا کیا، ہدف کے تعاقب کیلئے بنگلہ دیشی ٹیم جب میدان میں اتری تو پہلے ہی اوور کی پہلی ہی گیند پر کائل جروس نے لٹن داس کو آئوٹ کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی لیکن اس کے بعد سرکار اور امرالقیس حریف بائولرز کے سامنے جم گئے، دونوں بلے بازوں نے شاندار سنچریاں بنا کر زمبابوے کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، سرکار 117 اور امرالقیس 115 رنز بنا کر نمایاں رہے، مشفق الرحیم نے 28 اور محمد متھن نے 7 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔ کائل جروس، سین ولیمز اور مسکڈزا نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 27/10/2018 - 16:15:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :