�اں ورلڈ کپ، شکیب کی عمدہ آل رائونڈ کارکردگی، بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو با آسانی 7 وکٹوں سے ہرا کر دوسری کامیابی حاصل کر لی

کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 321 رنز بنائے، جواب میں بنگال ٹائیگرز نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کیا، شکیب اور لٹن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں 189 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کوفتح دلائی، شکیب 124 اور لٹن داس 94 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، ہوپ، لیوس اور ہٹمائر کی نصف سنچریاں رائیگاں، شکیب میچ کے بہترین کھلاڑی قرار

منگل 18 جون 2019 00:00

․ ٹائونٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شکیب الحسن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت بنگلہ دیش نے کالی آندھی کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری کامیابی حاصل کر لی، اس فتح کے ساتھ ہی بنگلہ دیشی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں نمبر پر آ گئی ہے، کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، مستفیض اور سیف الدین نے 3، 3 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور کی تیسری گیند پر محض 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 133 کے سکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد شکیب اور لٹن داس حریف بائسولرز کے سامنے ڈٹ گئے، دونوں بلے بازوں کے سامنے ویسٹ انڈین بائولرز بالکل بے بس نظر آئے، شکیب اور لٹن نے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور چوتھی وکٹ میں 189 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ویسٹ انڈیز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، شائی ہوپ کی 96، ایون لیوس کی 70 اور شمرون ہٹمائر کی 50 رنز کی اننگز رائیگاں گئیں، شکیب 124 اور لٹن داس 94 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شکیب کو عمدہ آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

پیر کو ورلڈ کپ میں کھیلے گئے 23ویں میچ میں بنگلہ دیشی قائد مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولرز کو آزمانے کا فیصلہ کیا تو کالی آندھی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے، کالی آندھی کی اننگز کا آغاز کچھ زیادہ اچھا نہ تھا اور 6 کے سکور پر اسے گیل کا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے سیف الدین کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر ایون لیوس اور شائی ہوپ نے انتہائی شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 116 اہم رنز جوڑ کر سکور 122 تک پہنچا دیا، یہاں پر شکیب نے لیوس کو آئوٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 70 رنز بنائے، نیکولاس پوران 25 رنز بنا کر شکیب کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، اس موقع پر ہوپ اور شمرون ہٹمائر نے ڈٹ کر بنگال ٹائیگرز کے بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 83 رنز جوڑ کر سکور 242 تک پہنچا دیا، یہاں پر مستفیض نے ہٹمائر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 50 رنز بنائے، آندرے رسل بغیر کوئی رن بنائے مستفیض کی گیند کا شکار بنے، جیسن ہولڈر جارحانہ موڈ میں تھے، انہوں نے 15 گیندوں پر 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 33 رنز بنا کر سکور 282 تک پہنچا دیا، انہیں سیف الدین نے کیچ آئوٹ کرایا، 297 کے سکور پر ہوپ جو کہ سنچری سے صرف 4 رنز کی دوری پر تھے کہ 96 کے انفرادی سکور پر مستفیض کا شکار بن گئے، ڈیرن براوو 19 رنز بنا کر سیف کی گیند پر بولڈ ہوئے، اوشین تھامس 6 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مستفیض اور سیف الدین نے 3، 3 اور شکیب نے 2 وکٹیں لیں۔

جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 41.3 اوورز میں صرف 3 وکٹوں پر حاصل کیا، تمیم اقبال اور سومیا سرکار نے ٹیم کو 52 رنز کا آغاز فراہم کیا، یہاں پر رسل نے سرکار کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، انہوں نے 29 رنز بنائے، اس موقع پر تمیم اور شکیب نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ میں 69 رنز جوڑ کر سکور 121 تک پہنچا دیا یہاں پر تمیم 48 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے، مشفق 1 رن بنا کر تھامسن کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس کے بعد لٹن داس نے شکیب کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے ڈٹ کر کالی آندھی کے بائولرز کا مقابلہ کیا اور چوتھی وکٹ میں 189 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شکیب 124 اور لٹن 94 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، رسل اور تھامس نے ایک، ایک وکٹ لی۔
وقت اشاعت : 18/06/2019 - 00:00:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :