ٹیم ایشز ٹائٹل کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پیٹر سڈل

منگل 20 اگست 2019 13:38

ٹیم ایشز ٹائٹل کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، پیٹر سڈل
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2019ء) آسٹریلوی مایہ ناز آل رائونڈر پیٹر سڈل نے کہا ہے کہ ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جیتنے کے بعد ٹیم کا مورال بلند ہے، ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ بھرپور فارم میں ہیں اور انکی کی موجودگی میں ٹیم ایشز کا بھرپور دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم کو ایشز سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 1-0 کی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا تھا۔

پیٹر سڈل نے اپنے بیان میں کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہماری ٹیم صحیح وقت میں فارم میں آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے میچ کا بے نتیجہ ختم ہونے پر مایوس نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میزبان ٹیم کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد ٹیم کے حوصلے بلند ہیں۔

(جاری ہے)

دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تیسرے میچ کے لئے حکمت عملی تیار کر رکھی ہے اور کھلاڑی میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم کی حالیہ کارکردگی سے مطمئن ہیں اور پرعزم ہوں کے ٹیم ایشز کا بھرپور دفاع کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وارنر اور سمتھ کے عمدہ کھیل سے کھلاڑیوں کے حوصلے مزید بلند ہیں تاہم انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ واضح رہے کہ انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان ایشز سیریز کا تیسرا ٹیسٹ میچ جمعرات سے لیڈز کے مقام پر شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 20/08/2019 - 13:38:08

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :