آسٹریلیا میں فٹ بال ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کوبھی مردوں کے مساوی تنخواہ ملے گی

بدھ 6 نومبر 2019 16:43

آسٹریلیا میں فٹ بال ٹیم کی خواتین کھلاڑیوں کوبھی مردوں کے مساوی تنخواہ ملے گی
سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) آسٹریلیا کی قومی فٹ بال ٹیم میں شامل خواتین کھلاڑیوں کو اب ایک معاہدے کے تحت مرد کھلاڑیوں کے مساوی معاوضہ ملے گا۔ فٹ بال فیڈریشن آسٹریلیا کے اعلامیہ کے مطابق اس نئے مرکزی کنٹریکٹ کے تحت مردو ں کی طرح خواتین کھلاڑی بھی بزنس کلاس میں بین الاقوامی سفر کر سکیں گی۔ ایف ایف اے کے چیئرمین کرس نیکو نے بتایا کہ فٹ بال ہر ایک کا کھیل ہے اور یہ معاہدہ مساوات، شمولیت اور مواقع کی اقدار کی جانب بڑا قدم ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

چار سالہ معاہدے کے تحت اگلے ورلڈ کپ میں سوسروس اور میٹلڈاس کو قومی ٹیم کی آمدنی کا 24 فیصد حصہ ملے گا، جس میں کارکردگی کی بنیاد پر ہر سال ایک فیصد اضافہ ہوگا۔ کھلاڑیوں نے اپنی آمدنی کا پانچ فیصد نوجوانوں کی قومی ٹیموں کے لئے وقف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پروفیشنل فٹ بالرز آسٹریلیا کے سربراہ جان ڈیڈولیکا نے اس طے پانے والے معاہدے کو عالمی فٹ بال کا ایک انوکھا سودا قرار دیا جو شراکت داری، مساوات اور سرمایہ کاری کے اصولوں پر مبنی ہے۔ واضح رہے کہ رواں سال کے شروع میں اس معاہدے کی تجویز سامنے آئی جس کی آسٹریلیا میں کھیل کے 17 چیف ایگزیکٹوز نے حمایت کی تھی ۔
وقت اشاعت : 06/11/2019 - 16:43:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :