مجھے پورا یقین ہے روس محفوظ اور پرامن ونٹراولمپک گیمز کے انعقاد میں کامیاب ہوجائیگا ،انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی

جمعہ 24 جنوری 2014 12:43

لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جنوری 2014ء) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس باخ نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے روس محفوظ اور پرامن ونٹراولمپک گیمز کے انعقاد میں کامیاب ہوجائیگا۔ میڈیا ر پورٹ کے مطابق سرمائی اولمپک گیمز سات فروری سے روس کے شہر سوچی میں شروع ہوں گے تاہم گذشتہ ماہ وولگورڈ اسٹیشن پر دہشت گردوں کے حملوں کے بعد گیمزکی سیکیورٹی پر تشویش میں اضافہ ہوگیا جبکہ چند روز قبل پانچ یورپی ممالک اور امریکہ کی اولمپک کمیٹیز کوخطوط موصول ہوئے ہیں جن میں سوچی گیمز کے دوران دہشت گردوں کے حملوں کی دھمکی دی گئی خطوط میں اولمپک کمیٹیوں کے چیفس کو گیمز کے دوران خاتون خودکش بمبارکی سوچی میں موجودگی سے بھی آگاہ کیا گیا۔

روسی حکومت کی جانب سے ایتھلیٹس اور سیاحوں کوسوفیصد تحفظ کی یقین دہانی کے باوجود اٹلی، ہنگری، جرمنی، سلووینیا اور سلواکیہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے تاہم آئی اوسی صدر تھامس باخ برازیل کے مختصر دورے پر پہنچے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے صدر ڈیلما روسیف سے ملاقات کی اور ان سے 1916 کے ریو اولمپک گیمز کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم آج جس دور میں جی رہے ہیں، کھیل ہی نہیں ہربڑے ایونٹ میں سیکیورٹی سب سے اہم ہوتی ہے تاہم ہم روسی حکومت کو جانتے ہیں وہ ایک محفوظ اور پرامن ونٹر گیمز کرانے کا پوری طرح اہل ہے اور سوچی گیمز انتہائی شاندار انداز میں منعقد ہوں گے۔

وقت اشاعت : 24/01/2014 - 12:43:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :