بچے کی ممکنہ پیدائش،کین ولیمسن ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر

کیوی کپتان کا ماں اور بچے کی دیکھ بھال کیلئے ان کے ساتھ ہونا ضروری ہے: کوچ گیری سٹیڈ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 10 دسمبر 2020 11:55

بچے کی ممکنہ پیدائش،کین ولیمسن ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ سے باہر
ویلنگٹن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 دسمبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ سے دستبردار ہوگئے ، وہ اپنی حاملہ پارٹنر سارہ کی دیکھ بھال کریں گے جب کہ اوپنر ٹام لیتھم دوسرے ٹیسٹ میں کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے میڈیا سے پہلے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ولیمسن ٹیم میں واپس آئیں گے اور بیسن ریزرو میں ٹیسٹ کے لئے دستیاب ہوں گے لیکن بعد میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ ولیمسن گھر واپس چلے گئے ہیں ۔

جمعہ سے شروع ہونے والے ٹیسٹ کے لئے ولیم سن کی دستیابی اس وقت سے ڈانواڈول تھی جب کیوی ٹیم کو بتادیا گیا کہ وہ اپنی پارٹنر سارہ کے طبی معائنے کے لیے تورنگا واپس چلے گئے ہیں ۔ گیری سٹیڈ کا کہنا تھا کہ کین ولیمسن گھر واپس چلے گئے ہیں، یہ فیصلہ ان کے اور سارہ کے بہترین مفاد میں کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ولیمسن پہلے شخص نہیں جو پچے کی پیدائش کے باعث میچ نہیں کھیلیں گے ، ہمارے خیال میں ماں اور بچے کی اچھی طرح دیکھ بھال ہونی چاہیئے اور کین ولیمسن کو ان کی مدد کرنے کے لئے وہاں موجود ہونے کی ضرورت ہے۔

ولیمسن نے ہیملٹن کے سیڈن پارک میں پہلے میچ میں کیریئر کا بہترین سکور251 بنایا تھا، نیوزی لینڈ نے یہ ٹیسٹ اننگز اور 134 رنز سے جیتا تھا۔ وکٹ کیپر بی جے واٹلنگ کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے اور ہیملٹن میں وکٹ کیپنگ کے فرائض سرانجام دینے والے ٹام بلینڈل اب ٹام لیتھم کے ساتھ اننگز کا آغاز کریں گے ۔ ول ینگ کو کین ولیمسن کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ ڈیون کونے کو نیلسن میں نیوزی لینڈ ‘اے’ کے لئے کھیلنے کے لئے ریلیز کردیا گیا ہے۔
وقت اشاعت : 10/12/2020 - 11:55:29

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :