ورلڈ ٹی 20میچ، جنگ کا میدان کل سجے گا!!!

جمعرات 20 مارچ 2014 17:48

ورلڈ ٹی 20میچ، جنگ کا میدان کل سجے گا!!!

ڈھاکا(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20مارچ 2014ء) آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سپر 10 مرحلے کا آغاز جمعے کو میرپور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سے ہونے جارہا ہے۔پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے ہر عالمی مقابلے میں بھارت کو ہرانے کی امید کے ساتھ آتی ہے لیکن ہر مقابلے میں یہ امید دم توڑ جاتی ہے اور اسے ایک نئے انتظار کے کرب میں مبتلا ہونا پڑتا ہے۔

اسے یہ انتظار کرتے ہوئے 22 سال ہوچکے ہیں ، چند ہفتے پہلے پاکستان نے بھارت کو ایشیا کپ کے میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دی تھی لیکن پاکستان آئی سی سی کے عالمی مقابلوں میں بھارت کو نہ ہرانے کا جمود نہیں توڑ سکا ہے۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی 20 میں یہ چوتھا پاک، بھارت ٹاکرا ہوگا، اس سے قبل تینوں میچز بھارت نے ہی جیتے ہیں، 2007 کے اولین ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو مرتبہ مدمقابل آئیں، گروپ مرحلے میں ٹائی ہوجانیو الا مقابلہ بھارت نے بال آؤٹ پر جیت لیا تھا، اس کے بعد فائنل میں بھارت کو کامیابی مل گئی، جس میں مصباح الحق نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تھی لیکن آخری گیند پر فتح کے لیے درکار دو رنز نہیں بناسکے تھے، تیسرا مقابلہ 2012 کے کولمبو میں منعقدہ ایڈیشن میںہوا، جس میں بھارت 8 وکٹ سے کامیاب رہا، اس کے علاوہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھی پانچ مرتبہ مدمقابل ہوچکے ہیں اور یہ تمام میچز بھی پاکستان کی شکست پر منتج ہوئے ہیں۔

وقت اشاعت : 20/03/2014 - 17:48:48