ورلڈ کپ 2015ء ہمارا ہدف ہے ،ٹیم کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا‘ وقار یونس

منگل 1 جولائی 2014 17:12

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 1جولائی 2014) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ 2015ء بڑا اہم ایونٹ ہے اور میگا ایونٹ ہمارا ہدف ہے ،ٹیم کو بہتر کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا اور نوجوان اور تجربہ کھلاڑیوں پرمشتمل سکواڈ تشکیل دیں گے، قومی ٹیم کے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ورلڈ کپ سے قبل سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے سیریز بہت اہم ہیں جنہیں نظرانداز نہیں کیا جاسکتا،کوشش ہوگی کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہرایا جائے اور غلطیوں سے سیکھتے ہوئے قومی کرکٹ کو مضبوط بنایا جائے، ایک اچھے کوچ کا کام کھلاڑیوں کو سکھانے کے ساتھ ساتھ ان کو سمجھنا بھی ہے۔

منگل کے روز لاہور آمد کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ میرے اوپر جو ذمہ داری ڈالی گئی ہے اسے بھرپور طریقے سے نبھانے کی کوشش کروں گا ، میری کوشش ہو گی کہ مضبوط سے مضبوط ٹیم تیار کروں،قومی ٹیم کے کھلاڑی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔

(جاری ہے)

بطور کوچ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس ترجیح ہوگی جبکہ کچھ کھلاڑیوں پر خصوصی توجہ دینا ہوگی کہ انہیں انجری اور فٹنس مسائل نہ ہوں۔

وقار یونس کا کہنا تھا کہ مستقبل کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کو تیار کرنا ناگزیر ہے اور پرفارمنس دیکھنے کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ کس کھلاڑی کو کس پوزیشن پر کھلایا جائے تاہم ورلڈ کپ کے لئے نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ تشکیل دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک اچھے کوچ کا کام کھلاڑیوں کو سکھانے کے ساتھ انہیں سمجھنا بھی ہوتا ہے ۔

امید ہے کہ بیٹنگ کوچ گرینٹ فلاور پاکستان کرکٹ ٹیم کی ترقی کے لئے مدد کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فی الوقت ہمارا سب سے بڑا ہدف ورلڈ کپ ہے جس کے لئے بھرپور تیار کریں گے لیکن سری لنکا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز بھی اہم ہوں گی جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ۔ایک سوال کے جواب میں وقار یونس نے کہا کہ کپتان ہمیشہ زیرعتاب رہتا ہے، ٹی ٹونٹی کے کپتان سے متعلق فی الوقت کچھ نہیں کہہ سکتا۔شکست پر لوگوں کے رد عمل سے متعلق وقار یونس نے کہا کہ ہماری قوم کرکٹ کے حوالے سے بہت جذباتی ہے۔

وقت اشاعت : 01/07/2014 - 17:12:11