حکومت سہولیات فراہم کرے تو فیصل آباد کے ہاکی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کرسکتے ہیں، پروفیسر رائو جاوید اقبال

ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے حکومت اور پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کے کھلاڑیوں کے کھیلنے کے لئے نلے والا میں آسٹرو ٹرف بچھانے کیاحکامات جاری کرے، گفتگو

اتوار 13 جون 2021 12:50

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر راؤ جاوید اقبال نے کہاہے کہ حکومت سہولیات فراہم کرے تو فیصل آباد کے ہاکی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ وہ گذشتہ روز چک نمبر 188 ر۔ب، نلے والا فیصل آباد میں الاقصی ہاکی کلب کے صدر اور معروف ہاکی آرگنائزر رانا فراز انیس کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ نلے والا میں ہاکی کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور اس ٹیلنٹ کو بروئے کار لانے کے حکومت اور پاکستان ہاکی فیڈریشن ہاکی کے کھلاڑیوں کے کھیلنے کے لئے نلے والا میں آسٹرو ٹرف بچھانے کیاحکامات جاری کرے۔ وفد نے بتایا کہ اس چھوٹے سے دیہی علاقے میں ہاکی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور عالمی شہرت یافتہ اولمپئین ہاکی کھلاڑیوں کی وقتاً فوقتاً یہاں آمد نے نلے والا اور اس کے قرب و جوار کے نوجوانوں میں ہاکی کے کھیل کو زندہ رکھا ہوا ہے حکومت سہولیات مہیا کرے تو پاکستان ہاکی کو یہاں سے بہترین کھلاڑی میسر آسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر راؤ جاوید اقبال نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ بذات خود اور ان کا ادارہ نہ صرف یہاں کے کھلاڑیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرے گا بلکہ قومی کھیل ہاکی کے لئے سہولیات کی فراہمی کے لئے بھی متعلقہ اداروں سے بات چیت کرے گا۔ وفد نے قومی کھیل ہاکی کے لئے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی خدمات کو سراہتے ہوئے شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔وفد میں زاہد علی منا، زوہیب الحسن، منور شاہ، بلال خان اور اشرف لہری شامل تھے۔
وقت اشاعت : 13/06/2021 - 12:50:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :