کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ میچ کرانے کیلئے پُرعزم ہیں‘ عادل صدیقی

جمعرات 7 اگست 2014 22:37

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی سرگرمیوں کی بحالی کیلئے ہر وقت تیار ہیں تاکہ کرکٹ پر طاری جمود کا خاتمہ ممکن ہوسکے۔ گورنر عشرت العباد خان بھی کرکٹ میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی سے درخواست کریں گے کہ کراچی میں انٹرنیشنل میچ کرانے کی اجازت اورتعاون کیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ ہم انٹرنیشنل کرکٹ میچ کا انعقاد ممکن نہ بناسکیں۔

ان خیالات کا اظہار عادل صدیقی، صوبائی مشیر کھیل سندھ نے کے سی سی اے انٹرزونل رمضان لیگ ٹی ٹوئنٹی کلر کٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل کے موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی پر کیا ۔ پروفیسر اعجاز فاروقی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ کراچی کی کرکٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے فاسٹ ٹریک پر کام ہورہا ہے ۔

(جاری ہے)

ایمپائرز کی فیس کو دگنا کردیا گیا ہے جبکہ کھلاڑیوں کو فرسٹ کلاس وکٹ پر کھیلنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔

سابق چیف سلیکٹر پاکستان کرکٹ بورڈ صلاح الدین صلو نے کہا کہ کے سی سی اے عمدہ کام کررہی ہے اور ان کی جانب سے کراچی کے کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات اور فرسٹ کلاس وکٹ پر کھیل کے مواقع فراہم کرنا قابل تحسین اقدامات ہیں۔ اس موقع پرشفیق کاظمی، مشیر ربانی، ٹیسٹ کرکٹر و قومی سلیکٹر سلیم جعفر، مہتاب احمد، محمد اکرم، جمیل احمد، توصیف صدیقی، جاوید احمد خان، سید شاہد علی، محمد رئیس، محمد یامین، لیاقت علی، مظہر اعوان، زین العابدین، اجمل نصیب ، شاہد نواب ، ارشد خان ، ریاض احمدودیگر بھی موجود تھے۔

فائنل زون6اورزون3کی ٹیموں کے مابین کھیلا گیا۔ زون6نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 145رنز کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجایا۔ دانش عزیز 43رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ سعود شکیل نے 39رنز اسکور کئے۔ حارث ایاز کو 32رنز پر 3اورعبدالقادر کو 22رنز پر 2وکٹ ملے۔ جوابی بیٹنگ میں زون 3کی ٹیم 18رنز کی کمی کے ساتھ فتح سے دور رہی۔

اورمقررہ اوورز میں 9وکٹوں پر 127رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ فہد جبار کی 64رنز سے سجی اننگز ان کی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ ماجد خان 18اورعاقب رضوی 16رنز کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکا۔ فواد خان اور رومان رئیس نے 2,2مہرے کھسکائے۔ ایمپائرز آل حیدراورراشد علی جبکہ آفیشل اسکورر سلمان کاظمی تھے۔ میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی عادل صدیقی، مشیر کھیل سندھ نے فاتح ٹیم زون6کو ایک لاکھ ، رنر اپ زون3کو 50ہزار روپے اور ٹرافی جبکہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ فراز پٹیل کو 10ہزار ، بہترین بیٹسمین دانش عزیز زون6، بہترین بولر حارث ایاز زون3، بہترین وکٹ کیپر توصیف خان زون3،اسپیشل پرائز حمزہ گھانچی زون7اور مین آف دی فائنل سعود شکیل زون6کو 5,5ہزار روپے کے کیش پرائز دئے۔

وقت اشاعت : 07/08/2014 - 22:37:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :