آزادی کپ ، پنجاب الیون نے خیبرپختونخوا لیون کو تین وکٹوں سے شکست دیدی

جمعہ 8 اگست 2014 22:15

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8اگست 2014ء) آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں پنجاب الیون نے خیبرپختونخوا الیون کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دیدی ، یاسرحمید مین آف دی میچ ، تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام گزشتہ روز پشاور کے ارباب نیازکرکٹ سٹیڈیم پر آزادی کپ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں پنجاب نے خیبر پختونخوا کو تین وکٹوں سے شکست دیدی‘اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشاور سید ظہیر السلام مہمان خصوصی تھے ان کے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے جنرل سیکرٹری رحمت سلام خٹک‘سیکرٹری اطلاعات ناصر موسیٰ زئی ‘پشاور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر سید فیاض علی شاہ ‘سیکرٹری اصغر خان اور دیگر عہدیدار اور اہم شخصیات بھی موجود تھیں ‘خیبر پختونخوا کے کپتان عمر گل نے ٹاس جیت کرپہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ بیس اوورز میں خیبر پختونخوا کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز سکور کئے پشاور کے یاسر حمید نے شانداربیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 52 گیندوں پر 70 رنز سکور کئے جس میں 9 چوکے اور 1 چھکا بھی شامل تھا ‘فخر زمان نے 37 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا محمدرضوان نے 13 گیندوں پر 29 رنز سکور کئے جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے ‘پنجاب کی طرف سے محمد عرفان نے 14 رنز دے کر دو جبکہ بلاول بھٹی نے بھی 31 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں جواب میں پنجاب کی ٹیم کا آغاز کپتان کامران اکمل نے کیا تاہم وہ اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے اور صرف چار رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے اس کے بعد بابر اعظم نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اکتالیسرنز سکور کئے ‘آصف علی بائیس ‘حارث سہیل دس‘صہیب مقصود بیس ‘بلاول بھٹی چوبیس ‘وقاص بیس اور احسان عادل نے پانچ رنز بنائے ‘خیبر پختونخوا کی طرف سے عمثان نے چار ‘محمد عمران نے دو جبکہ رضا حسن نے ایک وکٹ حاصل کی اس طرح پنجاب نے میچ میں تین وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کی ‘اقبال بٹ اور سید حکیم شاہ نے امپائرنگ اور محمد عامر نے سکورنگ کے فرائض سرانجام دئیے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کے کپتان عمر گل نے کہا کہ پشاور اور ہمارے صوبے میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں اس طرح کے میچوں کا انعقاد ہونا چاہئے تا کہ کرکٹ کو فروغ ملے اور اچھے کھلاڑی بھی سامنے آئیں انہوں نے کہا کہ اب ان کی فٹنس بہتر ہو گئی ہے اور آئندہ سیریز میں ضرور موقع ملے گا اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ‘پنجاب کے کپتان کامران اکمل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اس سے قبل بھی پشاور آئے ہیں یہاں کرکٹ کے لئے بہترین ماحول ہے ‘ٹیلنٹ بھی بہت ہے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملنے چاہئیں انہوں نے کہا کہ وہ جلد فٹنس ثابت کرکے ٹیم میں واپس آئیں گے ‘فاسٹ باؤلر محمد عرفان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ جلد فٹ ہو کر قومی کرکٹ ٹیم میں واپس آئیں گے انہوں نے امید ظاہر کی کہ سری لنکا کے خلاف سیریز میں قومی کرکٹ ٹیم اچھی کارکردگی دکھائیگی۔

وقت اشاعت : 08/08/2014 - 22:15:15

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :