افغانستان اور آسٹریلیا کا تاریخی ٹیسٹ غیر معینہ مدت تک ملتوی ہونے کا امکان

افغان خواتین کو کھیلنے کی اجازت نہ ملنا ناقابل قبول ،اگر وہ مردوں کے مقابلوں کے خواہاں ہیں توخواتین کے کھیلوں سے متعلق کیے گئے فیصلے پر بھی غور کرنا ہوگا:سربراہ تسمانیہ کرکٹ ڈومینک بیکر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 29 ستمبر 2021 15:05

افغانستان اور آسٹریلیا کا تاریخی ٹیسٹ غیر معینہ مدت تک ملتوی ہونے کا امکان
میلبورن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 ستمبر 2021ء ) نئی افغان انتتظامیہ کی جانب سے خواتین کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی کے اعلان کے بعد آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کے ریاست تسمانیہ میں کرکٹ کی انتظامی باڈی کے سربراہ ڈومینک بیکر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا آئندہ ہفتے افغانستان کے خلاف 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول تاریخی ٹیسٹ میچ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا باضابطہ اعلان کریگا تاکہ افغانستان کی نئی قیادت خواتین کے کھیلوں سے متعلق اپنے نکتہ نظر پر نظر ثانی کرسکے۔

بیکر نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ افغانستان کی حکومت کو نئی سمت دکھانے کے حوالے سے کیا گیا ہے تاکہ انہیں علم ہوسکے کہ انھیں کھیلوں میں واپس آنے کیلئے کیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

کرکٹ تسمانیہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کی جانب سے خواتین کو کھیلنے کی اجازت دینا قابل قبول نہیں ، اگر وہ کرکٹ میں مردوں کے مقابلوں کے خواہشمند ہیں تو خواتین کے کھیلوں سے متعلق کیے گئے فیصلے پر بھی غور کرنا ہوگا۔

سربراہ کرکٹ تسمانیہ کا مزید کہنا تھا کہ ہم ٹیسٹ میچ کو مکمل طور پر منسوخ نہیں کریںگے اور میچ بعد میں شیڈول کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ نئی افغان انتظامیہ کی جانب سے آسٹریلوی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا گیا تھا کہ خواتین کو کرکٹ سمیت کسی ایسے کھیل کی اجازت نہیں دیں گے جس میں ان کا جسم اور چہرہ ڈھکا ہوا نہ ہو، خواتین کا کھیلوں میں حصہ لینا نامناسب اورغیر ضروری ہے، مخالفین کے ردعمل کی وجہ سے اسلامی اقدار کو پامال نہیں کریں گے۔
وقت اشاعت : 29/09/2021 - 15:05:36

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :