کیربیئن لیگ؛ شعیب ملک نے بارباڈوس کو چیمپئن بنوادیا

پیر 18 اگست 2014 14:56

کیربیئن لیگ؛ شعیب ملک نے بارباڈوس کو چیمپئن بنوادیا

سینٹ کٹس(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18اگست۔2014ء) ڈیوائن اسمتھ اور پاکستانی اسٹار شعیب ملک کی نصف سنچریوں سے تقویت پاتے ہوئے بارباڈوس ٹرائیڈینٹس نے کیریبیئن پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن جیت لیا۔بارش سے متاثرہ فائنل میں ڈک اینڈ ورتھ لوئس قاعدے پر گیانا ایمیزون واریئرز کو 8 رنز سے شکست ہوگئی، محمد حفیظ کے 28 رنز رائیگاں گئے۔ تفصیلات کے مطابق کیریبیئن پریمیئر لیگ کا دوسرا ایڈیشن بارباڈوس ٹرائیڈینٹس نے جیت لیا، بارش سے متاثرہ فائنل میں گیانا ایمیزون واریئرز کو 8 رنز سے شکست ہوگئی، شعیب ملک کو 55 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فاتح ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ پر 152رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنر ڈیوائن اسمتھ نے 52 گیندوں پر 59 رنز بٹورے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 3 سکسر شامل رہے، اسمتھ اور شعیب نے 60 گیندوں پر 88 رنز کی شراکت قائم کی، ان کے بعد ولیم پارکنز اور جیسن ہولڈر بغیر کوئی رن بنائے میدان بدر ہوئے تاہم پاکستانی اسٹار شعیب ملک نے موقع کی نزاکت کوسمجھتے ہوئے 42 گیندوں پر 55 رنز ناٹ ا?وٴٹ بناکر ٹیم کو فائدہ پہنچایا، کرشمار سینٹوکی نے 3 اور سنیل نارائن نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

(جاری ہے)

حفیظ کو کوئی وکٹ نہیں مل پائی، بارش کے سبب کھیل ختم کیے جانے تک گیانا ایمیزون واریئرز نے 15.5 اوورز میں 4 وکٹ پر 107 رنز اسکور بورڈ پر جمع کیے، اوپنر لینڈل سیمنز 20 کے بعد محمد حفیظ کے 28 رنز نمایاں رہے، جیمی نیشام 17 رنز بناکر پویلین واپس ہوئے، کرسٹوفر برینول 17 اور دنیش رامدین 14 پر ناقابل شکست رہے، تاہم اس موقع پر ڈک اینڈ ورتھ لوئس قاعدے پر حساب لگانے کے بعد گیانا کی ٹیم مطلوبہ ہدف سے 8 رنز پیچھے پائی گئی، ہولڈر نے 18 رنز دیکر2 وکٹیں لیں۔

وقت اشاعت : 18/08/2014 - 14:56:49