ورلڈ کبڈی لیگ کا دوسرا مرحلہ23اگست کو شروع ہوگا، لاہور لائنز کی ٹیم 22اگست کو بھارت روانہ ہوگی

بدھ 20 اگست 2014 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20اگست۔2014ء) ورلڈ کبڈی لیگ کا دوسرا مرحلہ 23 اگست کو بھارت میں شروع ہو رہا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز 22 اگست کو واہگہ کے راستے بھارت روانہ ہوگی اور 23 اگست کو اندرا گاندھی سٹیڈیم نئی دہلی میں اپنا پہلا میچ کھیلے گی، لاہور لائنز ٹیم کے میڈیا مینجر عبدالرؤف روفی نے بتایا کہ لاہور لائنز کی ٹیم ورلڈ کبڈی لیگ کے پہلے مرحلے میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اب 22اگست کو بھارت روانہ ہورہی ہے جہاں وہ 23 اگست کو اپنا پہلا میچ پنجاب تھنڈر کیخلاف اندراگاندھی انڈور سٹیڈیم نئی دہلی میں کھیلے گی جبکہ دوسرا مقابلہ 30اگست کو ہوگا جس میں لاہور لائنز اور بھارتی اداکار اکشے کمار کی ٹیم خالصہ واریئرز آمنے سامنے ہوں گی، عبدالرؤف روفی نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی ٹیم لاہور لائنز اور خالصہ واریئرز کی ٹیم 4،4 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، ہماری ٹیم کے حوصلے بلند ہیں اور انشاء اللہ ورلڈ کبڈی لیگ کے دوسرے مرحلے میں بھی لاہور لائنز ناقابل شکست رہے گی، لاہور لائنز کے ریڈر شفیق چشتی نے بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دونوں میچوں میں مین آف دی میچ رہے، ہمارے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے اور بہت کم عرصہ میں کبڈی کھیلنے والے ممالک میں اپنا مقام بنایا ہے، دنیا کی ٹیمیں اب ہماری ٹیم سے مقابلہ کرتے ہوئے گھبراتی ہیں، ہم بھارت میں بھارت کو شکست دیکر لوٹیں گے۔

(جاری ہے)

بھارت جانیوالے لاہور لائنز کے کھلاڑیوں میں بابر وسیم گجر (کپتان)، لالہ عبید اللہ، شفیق چشتی، شہزاد ڈوگر، رانا نعیم، خالد مہر، شبیر بٹ، رحمٰن اشتیاق،ہیرا بٹ، سیف اللہ، محمد رمضان، علی لمبی پنڈیاں، مطلوب علی، محسن واہلہ، ارشد محمود، وقاص رحیم، نعیم طاہر سندھو، اور اسلم ڈوگر شامل ہیں۔واضح رہے ورلڈ کبڈی لیگ کے پہلے مرحلے لاہور لائنز اور خالصہ واریئرز 4،4کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ امریکہ کی رائل کنگز، پنجاب تھنڈر، یونائیٹڈ سنگھز اور یویو ٹائیگرز کے دو، دو پوائنٹس ہیں۔ کیلیفورینا ایگلز اور وینکوور لائنز نے ابھی کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

وقت اشاعت : 20/08/2014 - 21:38:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :