فہیم اشرف عبدالرزاق جیسے آل رائونڈر بننے کے خواہاں

اپنی بیٹنگ بہتر بنانے کیلئے بابراعظم اور ویرات کوہلی کی تقلید کرنے کی کوشش کرتا ہوں: آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 نومبر 2021 16:59

فہیم اشرف عبدالرزاق جیسے آل رائونڈر بننے کے خواہاں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2021ء ) قومی ٹیم کے آل رائونڈر فہیم اشرف نے خود کو موجودہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کا ایک لازمی حصہ بنا لیا ہے۔ کھیل کے طویل ترین فارمیٹ میں فہیم کی شاندار فارم گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کی عمدہ پرفارمنسز کا اہم حصہ رہی ہے اور وہ بنگلہ دیش کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز میں بھی اپنی بھرپور فارم کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

27 سالہ فہیم اشرف نے کہا کہ وہ اپنے کھیل کے ہر پہلو کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اپنی بیٹنگ اور باؤلنگ کو بہتر بنانے کے لیے کوچز کے ساتھ کافی وقت گزار چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال انجری سے بحالی کے دوران انہوں نے اپنی تکنیک کو بہتر بنانے اور اپنی کمزوریوں پر کام کرنے کے لیے سابق کھلاڑیوں بشمول محمد یوسف، مصباح الحق اور شاہد اسلم کے ساتھ کافی وقت گزارا۔

(جاری ہے)

فہیم اشرف نے کہا کہ ان کا مقصد ایک عظیم آل راؤنڈر کے طور پر یاد رکھا جانا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ جب وہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں تو لوگ سابق عظیم کھلاڑیوں عبدالرزاق اور اظہر محمود کے ساتھ ان کا نام بھی لیں۔ فہیم اشرف نے انکشاف کیا کہ اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے کے لیے وہ بابراعظم اور ویرات کوہلی کی تقلید کرنے کی کوشش کرتے ہیں جب کہ سابق پاکستانی تیز گیند باز عمر گل اور محمد عامر باؤلنگ کے شعبے میں ان کے آئیڈیل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ پاکستانی فاسٹ بائولر شاہین آفریدی اور حسن علی بھی انہیں بہت متاثر کرتے ہیں اور وہ اپنے فن کے یکتا بہترین افراد سے اپنا ہنر سیکھ رہے ہیں۔ آل راؤنڈر فہیم اشرف اب بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ان ایکشن ہوں گے ۔
وقت اشاعت : 24/11/2021 - 16:59:21

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :