بلوچ کلب کوئٹہ اور مسلم کلب چمن کی ٹیمیں یوفون 4Gبلوچستان کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں

لوچ کلب کوئٹہ اور مسلم کلب چمن کی ٹیمیں بالترتیب اپنی حریف ٹیموں ڈی ایف اے ژوب اور کوئٹہ زورآورکو سیمی فائنل میں شکست دے کر یوفون فٹ بال کپ 2021کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں

جمعرات 25 نومبر 2021 17:51

بلوچ کلب کوئٹہ اور مسلم کلب چمن کی ٹیمیں یوفون 4Gبلوچستان کپ کے فائنل میں پہنچ گئیں
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2021ء) بلوچ کلب کوئٹہ اور مسلم کلب چمن کی ٹیمیں بالترتیب اپنی حریف ٹیموں ڈی ایف اے ژوب اور کوئٹہ زورآورکو سیمی فائنل میں شکست دے کر یوفون فٹ بال کپ 2021کے فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔ فائنل میچ آج ، جمعرات25نومبر شام پانچ بجے ایوب اسٹیڈیم کوئٹہ میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ پی ٹی وی اسپورٹس سے براہ راست نشر کیا جائے گا۔


سیمی فائنل میچز کوئٹہ کے معروف ایوب اسٹیڈیم میں منعقد ہوئے جسے یوفون کے مخصوص نارنجی رنگوں میں نہلادیا گیا تھا۔ سیمی فائنل میچز میں بلوچ کلب کوئٹہ نے ڈی ایف اے ژوب جبکہ مسلم کلب چمن نے کوئٹہ زور آور کا سامنا کیا۔
پہلا سیمی فائنل میچ ایک مضبوط و مستحکم ٹیم بلوچ کلب کوئٹہ اور ڈی ایف اے ژوب کے مابین ہوا جس میں بلوچ کلب کوئٹہ نے ڈی ایف اے ژوب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے مابین مقابلہ برابری کے بنیاد پر شروع ہوا ، جس میں گیند وقفے وقفے سے دونوں ٹیموں کے قبضے میں رہی۔ میچ کے پچیسویں منٹ میں بلوچ کلب کوئٹہ کے کھلاڑی کبیر علی نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ ڈی ایف اے ژوب کے کھلاڑی لقمان نے میچ کے ستاونویں منٹ میں گول کرکے حساب برابر کیا لیکن بلوچ کلب کے امیر علی نے اناسی ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کردی۔

ڈی ایف اے ژوب نے برابری کرنے کی پوری کوشش کی مگر ناکام رہی۔ بلوچ کلب کے عبدالجبار نے میچ کے اختتامی لمحا ت میں تیسرا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنادی اور یوں بلوچ کلب کوئٹہ کی ٹیم فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ۔

ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کوئٹہ زور آور اور مسلم کلب چمن کے درمیان فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا گیا ۔

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب سے تابڑ توڑ حملوں کے باوجود دونوں طرف سے کوئی گول اسکور نہ ہوسکا۔ دوسرے ہاف کے ساٹھویں منٹ میں کوئٹہ زورآور کے حیدرنے سنسنی خیز گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔ میچ کے ستتر ویں منٹ میں مسلم کلب چمن کے کھلاڑی جمیل خان نے گول کرکے اسکور برابر کردیا۔ اس کے کچھ دیر بعد ہی مسلم کلب چمن کے کھلاڑی رحیم اللہ نے پچاسی ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرلی۔

اگرچہ کوئٹہ زور آور کی ٹیم نے میچ میں پہلے کامیابی حاصل کی تھی مگر مسلم کلب چمن کی شاندار کارکردگی کے سامنے ٹک نہ سکی اور مقابلہ ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہار گئی ۔ یوں مسلم کلب چمن نے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ دونوں سیمی فائنل میچز اسٹیڈیم میں موجود شائقین کے علاوہ پی ٹی وی اسپورٹس اور یوفون 4Gکے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے ملک بھر میں لاکھوں لوگوں نے دیکھا۔


یوفون 4Gکپ فٹ بال کا فائنل میچ آج جمعرات 25نومبر کو شام پانچ بجے کوئٹہ کے ایوب اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی روشنی میں کھیلا جائے گا۔ فائنل میچ عوام کے لیے مفت تفریح کے لیے کھلاہوگا جس میں میچ سے پہلے موسیقی جبکہ میچ کے اختتام پر شاندار رنگا رنگ آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ یوفون 4Gفٹ بال کپ اپنی نوعیت کا واحد اسپورٹس ایونٹ ہے جو ملک میں نوجوانوں کو ذاتی و پیشہ وارانہ سطح پر بااختیار بنانے کے یوفون کے دیرینہ عزم کا آئینہ دار ہے تاکہ معاشرے کو سماجی و معاشی میدان میں دوررس فوائد پہنچائے جا سکیں۔
وقت اشاعت : 25/11/2021 - 17:51:43

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :