سعید اجمل کی رہنمائی کیلئے ثقلین 10 لاکھ روپے وصول کرینگے

ہفتہ 13 ستمبر 2014 14:40

سعید اجمل کی رہنمائی کیلئے ثقلین 10 لاکھ روپے وصول کرینگے

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر۔2014ء) سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو کلیئر کرانے کی کوشش میں لاکھوں روپے خرچ ہوں گے، البتہ اگر اسپنر دوبارہ کرکٹ میں واپس آگئے تو یہ مہنگا سودا نہیں ہوگا۔ایک ماہ تک سعید اجمل کی رہنمائی کیلیے ثقلین مشتاق 10 لاکھ روپے وصول کریں گے، اس ضمن میں معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ بائیو مکینکل ٹیسٹ کے اخراجات بھی بورڈ کے ذمہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ کسی طرح سعید اجمل کو کلیئر کروا کے ورلڈکپ میں کھلایا جائے، اس سلسلے میں سابق اسٹار ثقلین مشتاق کی خدمات بھی حاصل کر لی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق سابق آف اسپنر کو ایک ماہ کیلیے 10 ہزار ڈالر (10 لاکھ روپے سے زائد) ادا کیے جائیں گے، ان کی رہائش و دیگر انتظامات بھی پی سی بی کے سپرد ہیں، یاد رہے کہ لاہور سے تعلق رکھنے والے ثقلین مشتاق اب اہلیہ و بچوں کے ساتھ انگلینڈ میں مقیم ہیں۔

(جاری ہے)

ابتدائی طور پر وہ ایک ماہ تک سعید اجمل کا ایکشن درست کرانے کی کوشش کریں گے، البتہ اگر ایسا لگا کہ مزید وقت درکار ہے تو معاہدے میں توسیع کر دی جائے گی۔ بائیو مکینک ٹیسٹ کے تمام تر اخراجات پی سی بی کو ہی برداشت کرنا پڑیں گے، جب ثقلین نے ایکشن کی بہتری کیلیے گرین سگنل دیا تو بورڈ کی کمیٹی بھی اس کا جائزہ لے کر ٹیسٹ کا فیصلہ کرے گی، سعید اجمل کو کارڈف، چنئی یا برسبین کی لیب بھیجا جائے گا۔

ان تمام سینٹرز پر ایک جیسی مشینیں موجود ہیں، نتائج کا ازخود آئی سی سی کو بھی علم ہو جائے گا، اگر بازو کا خم 15 ڈگری تک آیا تو پی سی بی کونسل سے سابقہ فیصلے کا جائزہ لینے کی درخواست کرے گا۔ اس ٹیسٹ پر کئی لاکھ روپے صرف ہوں گے مگر بورڈ حکام کے مطابق اگر سعید اجمل کلیئر ہو گئے تو یہ مہنگا سودا نہیں ہے۔

وقت اشاعت : 13/09/2014 - 14:40:57