قومی ٹیم متحد ہوکر جذبے کے ساتھ کھیلے تو ٹائٹل کا دفاع کر سکتی ہے ، اولمپین راؤ سلیم ناظم،

قوم کی دعائیں ٹیم کے ساتھ ہیں،گولڈمیڈل کے ساتھ پاکستان واپس آناچاہیے،میڈیاسے گفتگو

منگل 23 ستمبر 2014 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23ستمبر۔2014ء) پنجا ب ہاکی ایسوسی ایشن کے سابق سیکرٹری اولمپین راؤ سلیم ناظم نے کہا ہے کہ قومی ہاکی ٹیم کی ایشین گیمز میں متحد ہوکر جذبے کے ساتھ کھیلے تو ٹائٹل کادفاع حاصل کر سکتی ہے ، سیمی فائنل کے لئے پاکستان ، بھارت، کوریا اور ملائیشیاء کی ٹیمیں مضبوط سمجھی جاتیں ہیں ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کے کھلاڑی بھارت کے خلاف میچ میں متحد ہوکر جذبے کے ساتھ میدان میں اتریں تو اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ ٹائٹل کا دفاع کرنے میں کامیاب نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی ٹیم کمزور ٹیم ہے جو ایشین گیمز میں پہلی بار شرکت کر رہی ہے اور اس ٹیم کو کرنل(ر) ندیم بھٹی نے تیار کیا ہے جبکہ چین کی ٹیم کئی بار ایشین گیمز میں شرکت کر چکی ہے جس نے پاکستان کو ایک، دو بار شکست بھی دی ہے لیکن اس وقت بھی شہناز شیخ قومی ٹیم کے کوچ تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک پاکستانی ٹیم کو چین کے خلاف پانچ سے سات گول کے مارجن کامیابی حاصل کرنی چاہئے تھی۔

سلیم ناظم نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے اسی سال عالمی کپ، کامن ویلتھ گیمز میں بھی شرکت کی اور اس کی کارکردگی نمایاں دیکھنے میں آئی جبکہ قومی ٹیم کوالیفائی نہ کرنے کے باعث عالمی کپ میں شرکت نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز میں سیمی فائنل اور فائنل مقابلے ہوتے ہیں لیکن باقی ٹیمیں یکطرفہ طور پر سامنے آتیں ہیں، 25 ستمبر کو کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کا کوئی بھی رزلٹ ہو لیکن دونوں ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سیمی فائنل کے لئے پاکستان ، بھارت، کوریا اور ملائیشیاء کی ٹیمیں مضبوط سمجھی جاتیں ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری اور قوم کی دعائیں ہیں کہ قومی ٹیم ایشین گیمز میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے گولڈ میڈل کے ساتھ پاکستان واپس آئے۔

وقت اشاعت : 23/09/2014 - 20:11:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :