ہمارا ہدف اجمل کا ورلڈ کپ کھیلنا ہے، ثقلین مشتاق

جمعہ 26 ستمبر 2014 14:31

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26ستمبر۔2014ء) ثقلین مشتاق نے امید ظاہر کی ہے کہ پابندی کے شکار سعید اجمل کا باوٴلنگ ایکشن کلیئر ہو جائے گا اور وہ فروری میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں ہونے والے ورلڈ کپ میں پاکستان کی نمائندگی کر سکیں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اجمل کا باوٴلنگ ایکشن درست کرنے کے لئے ثقلین کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔

ثقلین نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران بتایا 'ہمارا ہدف اجمل کو ورلڈ کپ سے پہلے واپس لانا ہے' لاہور پہنچنے کے بعد ثقلین نے پاکستان کے سپن کوچ مشتاق احمد اور سابق فاسٹ باوٴلر محمد اکرم کے ہمراہ اجمل کے ساتھ دو سیشن کیے۔'اجمل کی جسمانی موومنٹ بہت مثبت ہے، وہ لڑنا جانتا ہے اور بہت محنت کر رہا ہے'۔ثقلین نے بتایا کہ ان کے لیپ ٹاپ میں باوٴلنگ آرم کے ڈگری ناپنے کا ایک خصوصی سافٹ ویئر موجود ہے اور پی سی بی کے سپر سلو موشن کیمروں کی مدد سے اجمل کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

' میرے پاس اجمل کے ساتھ کام کرنے کے لئے درکار تمام تکنیکی چیزیں موجود ہیں اور ہم مثبت ہیں کہ جلد ہی اچھی خبر ملے گی'۔ثقلین نے بتایا کہ 'اگر آپ جسمانی پٹھے تیار کرنے کے ساتھ ساتھ خوب پریکٹس کریں تو اچھے نتائج سامنے آئیں گے'۔'اجمل پاکستان کا ہی نہیں بلکہ دنیائے کرکٹ کا بھی اثاثہ ہے'۔ثقلین 'دوسرا' گیند متعارف کرانے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

وقت اشاعت : 26/09/2014 - 14:31:22