ای پی ایل،ٹوٹنہم ہاٹسپر ،لیسٹرسٹی اور برینٹ فوڑد کی ٹیموں نے اپنے میچز جیت لئے

پیر 16 مئی 2022 11:10

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مئی2022ء) انگلش پریمیئر فٹ بال لیگ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر نے برنلےکو،لیسٹرسٹی نے واٹ فورڈ اور برینٹ فورڈ نے ایورٹن کو شکست دے دی جبکہ آسٹن ولا اور کرسٹل پیلس،لیڈز یونائیٹڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون،دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ اوروولور ہیمپٹن اور ناروچ سٹی کی ٹیموں کے درمیان میچز برابری پر ختم ہوگئے۔

پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں۔ ٹوٹنہم ہاٹسپر سٹیڈیم، لندن میں کھیلے گئے میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد برنلے کی ٹیم کو 0-1 گول سے ہرا دیا۔ میزبان ٹیم کی طرف سے واحد گول ہیری کین نے سکور کیا۔ ویکراج روڈ، واٹ فورڈمیں کھیلے گئے میچ میں لیسٹر سٹی کی ٹیم نے واٹ فورڈ کی ٹیم کو بآسانی 1-5 سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

لیسٹر سٹی کی طرف سے جیمی ورڈی اور ہاروی بارنسن نے دو، دو جبکہ جیمز میڈیسن نے ایک گول سکور کیا۔ لیورپول میں کھیلے گئے میچ میں برینٹ فورڈ نے سخت مقابلے کے بعد ایورٹن کی ٹیم کو دو کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔ اسی طرح آسٹن ولا اور کرسٹل پیلس کی ٹیموں کے درمیان میچ 1-1گول،لیڈز یونائیٹڈ اور برائٹن اینڈ ہوو البیون کی ٹیموں کے درمیان میچ 1-1گول،دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی اور ویسٹ ہیم یونائیٹڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 2-2 گول اوروولور ہیمپٹن اور ناروچ سٹی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا میچ 1-1 گول سے برابری پر ختم ہو گیا ۔ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم تاحال سب سے زیادہ 90 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔
وقت اشاعت : 16/05/2022 - 11:10:06