لڑکیوں کے کرکٹ میچ میں مردوں کا جھگڑا

منگل 2 دسمبر 2014 19:50

لڑکیوں کے کرکٹ میچ میں مردوں کا جھگڑا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2دسمبر۔2014ء) لاہور بورڈ انٹر کالجیٹ گرلز کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں مردوں کا جھگڑا، کنیئرڈ کالج کے عرفان اللہ ہاتھا پائی پر اتر آئے، لاہور کالج کیخلاف فائنل میچ نامکمل ہونے پر فیصلہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی اولڈ کیمپس گراﺅنڈ پر کھیلے جانے والے میچ میں لاہور کالج نے پہلے کھیتے ہوئے ایک سو ا ٹھائیس رنزبنائے تھے لیکن اس کے جواب میں کنیئرڈ کالج کی ٹیم دوسری اننگز کھیلنے کے لئے گراﺅنڈ میں نہ آئی، ان کی جانب سے لاہور کالج پر زائد العمر کھلاڑی کھلانے کا اعتراض اٹھایا گیا۔

لاہور بورڈ نے اعتراض تحریری طور پر وصول کرنے کے بعد میچ مکمل کرنے کا کہا لیکن ڈیڑھ گھنٹہ انتظار کے بعد بھی کنیئرڈ کالج کے بلے باز اننگز کا آغاز کرنے گراﺅنڈ پر نہ آئے۔

(جاری ہے)

لاہور بورڈ کی انتظامیہ کنیئرڈ کالج کو میچ کھیلنے پر رضامند کرنے کے لئے بات چیت کر ہی رہی تھی اسی دوران کنیئرڈ کالج کے عرفان اللہ نے لاہور بورڈ کے کلرک عبدالوکیل پر گھونسوں کی بارش کر دی۔

لاہور بورڈ کی جانب سے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایکشن لینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ معاملہ سنگین ہونے پر لاہور بورڈ کے سیکرٹری پروفیسر فقیر محمد کیفی بھی موقع پر پہنچ گئے اور دونوں ٹیموںکا موقف سننے اور امپائرز کی رپورٹ کے بعد معاملہ ٹیکنیکل کمیٹی کے سپرد کرنے کا اعلان کیا۔ کھیلوں سے وابستہ شخصیات کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے مقابلوں کے دوران تنازعات پیدا ہوتے رہتے ہیں لیکن کھیل کے مقام کو میدان جنگ نہیں بنانا چاہیے اس سے مستقبل کے سپرسٹارز پر برا اثر پڑتا ہے۔

وقت اشاعت : 02/12/2014 - 19:50:02

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :