تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے باہر

جمعرات 25 دسمبر 2014 13:29

تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے باہر

کراچی( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 دسمبر 2014ء) تجربہ کار فاسٹ بولر عمر گل گھٹنے کی تکلیف کے باعث ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ اس بات کے اشارے مل رہے ہیں کہ اسٹار فاسٹ بولر کا کیریئر گھٹنے کے آپریشن کے بعد شدید خطرات سے دوچار ہے۔ جبکہ پی سی بی کے حکام پر امید ہیں کہ جنید خان اور صہیب مقصود ورلڈ کپ کے لئے فٹ ہوجائیں گے۔ پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا کہ عمر گل کی رپورٹس حوصلہ افزا نہیں، ورلڈ کپ میں ان کی شرکت کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنید خان نے مجھے بتایا ہے کہ وہ نوے فیصد فٹ ہوچکے ہیں۔ جبکہ صہیب مقصود بھی فٹ ہورہے ہیں۔ دونوں کی فٹنس کو چیک کرنے کے لئے انہیں ملتان کے ون ڈے ٹورنامنٹ میں کھلایا جائے گا۔30 سالہ عمر گل نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران ان فٹ ہوئے تھے۔

(جاری ہے)

وہ 47ٹیسٹ، 125ون ڈے اور 57ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں۔ اس سال آسٹریلیامیں گھٹنے کے آپریشن کے بعد انہیں مکمل فٹ ہونے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

عمر گل اپنی لائن اور لینتھ اور سوئنگ بولنگ کی وجہ سے محدود اوورز میں خطرناک بولر تصور کئے جاتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہاب ریاض بھی مکمل فٹ نہیں۔ ان کی خراب فارم سے بھی سلیکٹرز پریشان ہیں۔ سہیل تنویر سلیکٹرز کو متاثر نہیں کرسکے ہیں۔ اگر جنید خان فٹ ہوگئے تو ورلڈ کپ میں محمد عرفان ، جنید خان اور احسان عادل پاکستانی بولنگ اٹیک میں نمایاں ہوں گے۔

وقت اشاعت : 25/12/2014 - 13:29:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :