پرباتھ جے سوریا ، بابر اعظم کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہونے لگے

پاکستان ٹیم کے کپتان اب 7 اننگز میں 6 بار لنکن سپنر کا شکار بن چکے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 جولائی 2023 12:12

پرباتھ جے سوریا ، بابر اعظم کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہونے لگے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2023ء ) لنکن لیفٹ آرم سپنر پرباتھ جے سوریا قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے لیے ڈرائونا خواب ثابت ہونے لگے ۔ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جارہے کولمبو ٹیسٹ کے تیسرے روز پرباتھ جے سوریا نے ایک بار پھر بابر اعظم کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا گال ٹیسٹ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری روز لنکن لیفٹ آرم سپنر پرابتھ جے سوریا نے بابر اعظم کو ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا ۔

پاکستان ٹیم کے کپتان اب 7 اننگز میں 6 بار لنکن سپنر کا شکار بن چکے ہیں ، انھوں نے اس دوران 31 سالہ لیفٹ آرم سپنر کیخلاف 324 گیندیں کھیل کر 18 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 28.67 کی ایوریج اور 53.08 کے سٹرائیک ریٹ کے ساتھ 172 رنز سکور کیے۔ اس سے قبل گال ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں بھی پرابتھ جے سوریا نے بابر اعظم کو پوویلین کی راہ دکھائی تھی ۔

(جاری ہے)

یہ پہلا موقع نہیں تھا جب بابر اعظم لیفٹ آرم سپنرز کیخلاف مشکلات کا سامنا کرتے نظر آئے ۔

اس سے قبل دنیا کے کئی دیگر لیفٹ آرم سپنر کا بھی بابر اعظم کے خلاف پلڑا بھاری رہا ہے ۔ سابق سری لنکن سپنر رنگنا ہیراتھ کیخلاف بابر اعظم اپنے کیریئر میں صرف 9 کی اوسط سے رنز سکور کرسکے اور ایک بار آئوٹ ہوئے ۔ کیوی لیفٹ آرم سپنر مچل سینٹنر کیخلاف بھی بابر اعظم نے 13 کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور ایک مرتبہ ان کا شکار بنے ۔ جنوبی افریقی لیفٹ آرم سپنر کیشو مہاراج نے 2021ء میں دورہ پاکستان کے دوران 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 15.33 کی اوسط سے 3 مرتبہ بابر اعظم کی وکٹ حاصل کی ۔ قومی ٹیم کے کپتان کیوی سپنر اعجاز پٹیل کیخلاف ایک مرتبہ آئوٹ ہونے کے ساتھ 120 رنز سکور کرکے کافی حد تک کامیاب رہے ہیں ۔
وقت اشاعت : 26/07/2023 - 12:12:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :