افغانستان کی ٹیم منزل کے قریب آ کر ہمت ہار گئی

ایشیا کپ میں افغان ٹیم کا سفر اختتام پذیر، محمد نبی اور حشمت اللہ شاہدی کی شاندار نصف سنچریاں بھی افغانستان کو فتح نہ دلوا سکیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 5 ستمبر 2023 21:56

افغانستان کی ٹیم منزل کے قریب آ کر ہمت ہار گئی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 5 ستمبر 2023ء ) ایشیاء کپ کے چھٹے میچ میں افغانستان کی ٹیم منزل کے قریب آ کر ہمت ہار گئی، ایشیا کپ میں افغان ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 291 رنز بنائے، سپر فور کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے افغانستان کو مطلوبہ ہدف 37.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم وہ جیت سے صرف 3 رنز دور آل آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل سری لنکن اوپنرز کے درمیان 63 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی، کرونارتنے 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، نسانکا بھی 41 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، ساماراوکرما صرف 3 رنز بناسکے۔ کوشل مینڈس اور آسالنکا کے درمیان 102رنز کی شراکت داری قائم ہوئی ، آسالنکا 36 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، ڈی سلوا بھی 14 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے، کوشل مینڈس نے ذمہ درانہ اننگز کھیلی لیکن وہ بھی 92 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

اختتامی اوورز میں والیلاگے اور تھکشانا نے شاندار بیٹنگ کرکے ٹیم کا سکور291 رنز تک پہنچایا۔ والیلاگے نے 33 اور تھکشانا نے 28 رنز سکور کیے۔ افغانستان کی جانب سے گلبدین نائب نے 4، راشد خان نے 2 اور مجیب الرحمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ افغانستان نے ہدف کا مایوس کن آغاز اور رحمٰن اللہ گرباز 4 رنز بنا کر رجیتھا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ابراہیم زدران 7 رنز بنا کر کر آؤٹ ہوئے۔

گلبدین نائب نے جارحانہ انداز اپنایا لیکن 16 گیندوں میں 4 چوکوں کی مدد سے 22 رنز پتھیرانا کا نشانہ بنے۔ رحمت شاہ اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے سکور 19 ویں اوور میں 121 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر رحمت شاہ 45 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔ محمد نبی اور کپتان شاہدی نے 47 گیندوں پر 80 رنز کی شراکت بنائی، دونوں نے نصف سنچریاں بھی مکمل کی۔ تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی نے 32 گیندوں پر 65 رنز کی اننگز کھیلی ،وہ تھیکشانا کی گیند پر ڈی سلوا کو کیچ دے گئے۔

کریم جنت کو ویلالاگے نے آؤٹ کیا، انہوں نے 13 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 22 قیمتی رنز بنائے۔ کپتان حشمت اللہ شاہدی 66 گیندوں پر 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا سکور 237 رنز تھا۔ نجیب اللہ زدران اور راشد خان نے افغانستان کو ہدف کے قریب پہنچایا تاہم 276 کے سکور پر نجیب اللہ زدران 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈی سلوا نے 38 ویں اوور میں افغانستان کی آخری 2 وکٹیں اڑائیں، مجیب الرحمٰن اور پھر فضل حق فاروقی صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 289 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور صرف 2 رنز سے سے میچ ہار گئی۔ راشد خان نے آؤٹ ہوئے بغیر 27 رنز بنائے، جس میں 4 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سری لنکا کے راجیتھا نے 4 وکٹیں حاصل کیں، اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

اس سے قبل سری لنکا کے کپتان داسن شناکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی افغان ٹیم کو بڑا ہدف دیکر پریشر میں لائیں۔ اس موقع پر افغانستان کے کپتان حشمت اللہ شاہدی نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر سپر فور مرحلے تک رسائی ممکن بنانے کی کوشش کریں گے۔ سری لنکا کا سکواڈ داسن شناکا (کپتان)، پاتھم نسانکا، دیموتھ کرونارتنے، کوشل مینڈس، سدیرا سماراویکراما، چارتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، دونتھ ویلالج، دونتھ ویلالج، مہیش راجہ کاس، متھیشا پاتھیرانا پر مشتمل ہے۔

افغانستان کے سکواڈ میں کپتان حشمت اللہ شاہدی، رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، رحمت شاہ، حشمت اللہ شاہدی، نجیب اللہ زدران، محمد نبی، کریم جنت، گلبدین نائب، راشد خان، مجیب الرحمان اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 05/09/2023 - 21:56:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :