ورلڈ کپ ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے ہرا دیا

مالان کی سنچری ، ریس ٹوپلی کی 4 وکٹیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 10 اکتوبر 2023 18:01

ورلڈ کپ ، انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 137 رنز سے ہرا دیا
دھرم شالا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 اکتوبر 2023ء ) ورلڈکپ کے 7ویں میچ میں انگلینڈ نے بنگلادیش کو 137 رنز سے شکست دیدی ہے۔ دھرم شالہ میں کھیلے جارہے میچ میں انگلش اوپنرز نے میچ کے ابتدا سے بنگلادیشی بالرز کیخلاف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 115 رنز کا آغاز فراہم کیا، جونی بیرسٹو 59 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 52 رنز کی شاندار اننگز کھیل کربنگلادیشی کپتان شکیب الحسن کا شکار ہوگئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈیوڈ ملان اور جو روٹ نے 151 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی ، ملان 16 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 140 کی اننگز کھیل کر مہیدی حسن کا شکار ہوگئے۔ کپتان جوز بٹلر بھی 20 ، جوروٹ 82، لیام لیونگسٹون صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ سیم کرن 11، کرس ووکس 14 اور عادل راشد 11 رنز پر پویلین لوٹے۔

(جاری ہے)

بنگلادیش کی جانب سے مہدی حسن نے 4، شوریف اسلام نے 3 جبکہ شکیب الحسن اور تسکین احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

انگلینڈ نے مقررہ 50اوورز میں شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے9 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز بنائے۔ 365 رنز کے تعاقب میں بنگلادیش کی پہلی وکٹ دوسرے اوور کی چوتھی گیند پر گری جب تنزید حسن 14 رنز بناکر ریس ٹوپلے کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، اگلی ہی گیند پر ٹوپلے نے ہی مہیدی حسن کو صفر رنز پر پویلین بھیج دیا ،بنگلادیش کی تیسری وکٹ بھی ٹوپلے کے ہی حصے میں آئی جب انہوں نے صرف 26 رنز پر ہی کپتان شکیب الحسن کو پویلین بھیج دیا ، مہیدی حسن میراز بھی 8 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ لٹن داس 76 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔

مشفیق 51 رنز بناسکے۔ توحید ہردوئے 39، مہدی حسن 14، تسکین احمد 15، شروف الاسلام 12 اور مستفیض الرحمان 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی طرف سے ریس ٹوپلی نے 4 اور کرس ووکس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سیم کرن، مارک ووڈ، عادل رشید، لیام لونگ اسٹون ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ قبل ازیں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے بیٹنگ ٹریک پر ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، انہوں نے کہا کہ آؤٹ پر کھلاڑیوں کو مشکلات ہوسکتی ہیں، کوشش کریں گے جیت کے تسلسل کو برقرار رکھیں۔

اس موقع پر انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ بنگلادیش کے خلاف کامیابی سمیٹ کر ورلڈکپ میں کم بیک کرنا چاہتے ہیں۔ بنگلادیش کا اسکواڈ کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مہیدی حسن میراز، مشفق الرحیم، توحید ہردوئے، مہدی حسن، تسکین احمد، شوریف اسلام، مستفیض الرحمان پر مشتمل ہے جب کہ نگلینڈ کے سکواڈ میں کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، ہیری بروک، لیام لیونگسٹون، سیم کرن، کرس ووکس، مارک ووڈ، عادل رشید، ریس ٹوپلی شامل ہیں۔
وقت اشاعت : 10/10/2023 - 18:01:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :