شکیب سری لنکا آئے تو ان پر پتھراؤ کیا جائے گا، اینجلو میتھیوز کے بھائی کی وارننگ

بنگلہ دیشی کپتان میں کوئی سپورٹس مین سپرٹ نہیں ، اس نے جنٹلمینز گیم میں انسانیت کا مظاہرہ نہیں کیا، وہ یہاں کوئی انٹرنیشنل یا ایل پی ایل میچ کھیلنے آیا تو اس پر پتھر برسائے جائیںگے یا انہیں شائقین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑیگا : ٹریون میتھیوز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 9 نومبر 2023 13:25

شکیب سری لنکا آئے تو ان پر پتھراؤ کیا جائے گا، اینجلو میتھیوز کے بھائی کی وارننگ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 نومبر 2023ء ) سری لنکا کے سابق کپتان اینجلو میتھیوز کے بھائی نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں ٹائم آؤٹ آؤٹ کے حوالے سے کرکٹ برادری میں ہنگامہ آرائی کے بعد بنگلہ دیشی کپتان شکیب الحسن کو وارننگ جاری کی ہے۔ سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ کے دوران شکیب کی جانب سے اپنی اپیل واپس لینے سے انکار کرنے کے بعد میتھیوز بین الاقوامی کرکٹ میں ٹائم آئوٹ ہونے والے پہلے بلے باز بن گئے ، بنگلہ دیش نے بالآخر تین وکٹوں سے جیت کر 1996ء کی ورلڈ چیمپئن ٹیم کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا۔

شکیب الحسن کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا ہے اور سابق کرکٹرز نے میتھیوز کے خلاف اپنی اپیل واپس نہ لینے پر اسپورٹس مین شپ کی کمی کا مظاہرہ کرنے پر شدید تنقید کی ہے۔

(جاری ہے)

اینجلو میتھیوز کے بھائی ٹریون میتھیوز نے اب شکیب کو دھمکی دی ہے کہ اگر وہ سری لنکا میں کھیلنے آئے تو انہیں ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ٹریون نے ڈیکن کرونیکل کو بتایا کہ "ہم بہت مایوس ہیں۔

بنگلہ دیش کے کپتان میں کوئی اسپورٹس مین اسپرٹ نہیں ہے اور اس نے جنٹلمینز گیم میں انسانیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔" انہوں نے مزید کہا کہ 'شکیب کا سری لنکا میں خیرمقدم نہیں ہے، اگر وہ یہاں کوئی انٹرنیشنل یا ایل پی ایل میچ کھیلنے آئے گا تو ان پر پتھر برسائے جائیں گے یا انہیں شائقین کی ناراضگی کا سامنا کرنا پڑے گا'۔ اینجلو میتھیوز خود بھی میچ کے دوران اور اس کے بعد شکیب اور بنگلہ دیش سے برہم تھے۔

انہوں نے شکیب کو بے عزتی قرار دیا اور یہاں تک کہا کہ بنگلہ دیش نے دہلی میں جس طرح کا مظاہرہ کیا اس طرح کسی اور ٹیم نے نہیں کیا ہوگا۔ اینجلو میتھیوز نے پوسٹ میچ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ "میں نے کچھ غلط نہیں کیا ہے۔ میرے پاس تیار ہونے کے لیے دو منٹ تھے جو میں نے کیا لیکن وہاں ہیلمٹ کی خرابی تھی اور مجھے نہیں معلوم کہ کامن سینس کہاں گئی تھی۔

یہ شکیب اور بنگلہ دیش کی طرف سے شرمناک تھا"۔ ان کا کہنا تھا کہ "اگر وہ اس سطح تک کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں تو یہ بہت غلط ہے۔ اگر میں اپنے دو منٹ سے زیادہ دیر سے گیا اور قانون کہتا ہے کہ مجھے دو منٹ میں تیار ہونا ہے تو میرے پاس ابھی پانچ سیکنڈ باقی ہیں۔" اینجلو میتھیوز نے مزید کہا کہ "آج تک میں شکیب اور بنگلہ دیش کی ٹیم کا بے حد احترام کرتا تھا، ظاہر ہے کہ ہم سب جیتنے کے لیے کھیلتے ہیں اور اگر یہ اصولوں کے اندر ہے تو یہ ٹھیک ہے۔ لیکن دو منٹ کے اندر میں وہاں موجود تھا، ہمارے پاس ویڈیو ثبوت موجود ہیں۔ ہم بعد میں ایک بیان سامنے لائیں گے۔ کیچ لینے کے وقت سے ثبوت کے ساتھ بات کی اور پھر میں کریز پر آیا۔
وقت اشاعت : 09/11/2023 - 13:25:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :