پاکستانی کھلاڑی نور زمان اور عاصم خان چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گئے

اتوار 3 دسمبر 2023 18:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستانی کھلاڑی نور زمان اور عاصم خان فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل سکوائش چیمپئن شپ مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے،ویمنز سنگلزمیں مصر کی نادین الہمامی اور مصر کی ہی آمنہ الریہانی نے بھی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔چیمپئن شپ کے فائنلز کل پیر کو کھیلے جائیں گے۔

اس موقع پر خیبرپختونخوا سکوائش ایسوسی ایشن کے چیئرمین سابق عالمی چیمپئن قمر زمان اور سیکرٹری جنرل ائیر کموڈور عامر نواز بھی موجود تھے۔ اتوار کے روز پاکستان سکوائش فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری چیمپئن شپ میں مینز سنگلزکا پہلا سیمی فائنل پاکستان کے نور زمان اور مصر کے ابراہیم الکبانی کے درمیان کھیلا گیا جس میں پاکستان کے نور زمان نے 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنالی ہے،دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی کھلاڑی عاصم خان نے ہم وطن کھلاڑی ناصراقبال کو 2-0سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی،دوسری جانب خواتین کا پہلا سیمی فائنل مصر کی نادین الہمامی اور مصر کی نور رامی کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصر کی نادین الہمامی نے 0-3 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

دوسرا سیمی فائنل میچ مصر کی آمنہ الریہانی اور مصر کی نور خافگی کے درمیان کھیلا گیا جس میں مصر کی آمنہ الریہانی نے 1-3 سے کامیابی حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنا ئی۔
وقت اشاعت : 03/12/2023 - 18:40:15