طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب نہ ہونے والے باولر کو فوری آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ

آسٹریلیا میں پریکٹس میچ کے دوران انجری کا شکار ہو جانے والے اسپن گیند باز ابرار احمد کے ممکنہ متبادل کے طور پر آف اسپنر کو طلب کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 8 دسمبر 2023 23:07

طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب نہ ہونے والے باولر کو فوری آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ
کینبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 دسمبر2023ء) طویل عرصے سے قومی کرکٹ ٹیم کیلئے منتخب نہ ہونے والے باولر کو فوری آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا میں پریکٹس میچ کے دوران انجری کا شکار ہو جانے والے اسپن گیند باز ابرار احمد کے ممکنہ متبادل کے طور پر آف اسپنر کو طلب کر لیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آف اسپنر ساجد خان کو ابرار احمد کے انجری خدشات کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا کے اسکواڈ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ساجد خان طویل عرصے سے قومی ٹیم کا حصہ نہیں بن پائے، تاہم اب انہیں جلد سے جلد آسٹریلیا بھجوانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے مسٹری اسپنر ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل انجری کا شکار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

کینبرا میں پرائم منسٹرالیون کے خلاف چار روزہ پریکٹس میچ کے تیسرے روز اسپنر نے 8 اوورز کے بعد دائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی، جس کے بعد انہیں آرام کیلئے بھیج دیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ابرار احمد کو ٹانگ میں تکلیف کے بعد ایم آر آئی اسکین کیلئے بھیجا گیا، میڈیکل پینل کرکٹر کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ ابرار احمد نے پرائم منسٹر الیون کے خلاف میچ میں ابتک کل 27 اوورز کرائے ہیں، جس میں انہوں نے 80 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ہے۔ واضح رہے کہ چار روزہ میچ آسٹریلیا کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے قبل پاکستان کیلئے پریکٹس میچ تھا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 14 دسمبر پرتھ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ مسٹری اسپنر ابرار احمد کو آسٹریلیا کیخلاف سیریز کیلئے پاکستان کا اہم ترین ہتھیار قرار دیا جا رہا تھا۔ تاہم اب ان کی انجری سے متعلق آنے والی اطلاعات پاکستانی کرکٹ ٹیم کیلئے ٹیسٹ سیریز کے آغاز سے قبل بڑا دھچکا قرار دی جا رہی ہیں۔
وقت اشاعت : 08/12/2023 - 23:07:52