شاہین کو کپتانی سے ہٹانا مسائل پیدا کررہا ہے : راشد لطیف کا دعوی

بابر نے دوبارہ کپتانی قبول کرکے اپنی کمزوری ظاہر کی، جس نے بھی انہیں کپتانی سونپی ہے وہ اسے ضرور استعمال کریں گے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 11 مئی 2024 10:56

شاہین کو کپتانی سے ہٹانا مسائل پیدا کررہا ہے : راشد لطیف کا دعوی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2024ء ) سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کو ٹی 20 میں کپتانی سے ہٹانے سے ٹیم کے ساتھ مسائل پیدا ہوگئے ہیں۔ یوٹیوب چینل پر سابق وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا کہ دورہ نیوزی لینڈ کے بعد سے بولنگ پاکستان کو مایوس کررہی ہے، شاہین کو کپتانی سے ہٹانے کے بعد سے مسائل دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابر نے دوبارہ کپتانی قبول کرنے کے بعد اپنی کمزوری ظاہر کی۔

راشد لطیف کا کہنا تھا کہ شاہین کو غلط طریقے سے کپتانی سے ہٹایا گیا اور جب بابر کو دوبارہ لایا گیا تو اس نے اپنی کمزوری دکھائی جس نے بھی انہیں کپتانی سونپی ہے وہ اسے ضرور استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم باہر سے ہوگی، کھلاڑیوں کو انتخاب کوئی اور کرے گا اور ٹیم میں کچھ نہیں بدلے گا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئرلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں 5 وکٹوں سے شکست دی اور 183 رنز کا ہدف ایک گیند قبل ہی حاصل کرلیا۔

میچ کے بعد بابر نے شکست کی وجہ خراب بولنگ اور فیلڈنگ کو قرار دیا۔ میچ کے بعد بات کرتے ہوئے بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پہلے 6 اوورز میں ہمارا آغاز اچھا نہیں تھا، پچ تھوڑی دو رفتار تھی اور اس میں کچھ اچھال تھا۔ اس کے بعد ہم اچھا کھیلے اور 182 رنز بنائے لیکن میرے خیال میں 190 اچھا سکور تھا۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم اسی وجہ سے ہار گئے۔ بولنگ اور فیلڈنگ میں ہم نے اپنے منصوبوں پر عمل نہیں کیا اور میدان میں کچھ خرابیاں ہوئیں جس کی قیمت ہمیں چکانی پڑی۔
وقت اشاعت : 11/05/2024 - 10:56:31

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :