یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے آل پاکستان ہینڈ بال چیمپین شپ کا فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا

بدھ 22 مئی 2024 23:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب نے سپیریئر یونیورسٹی آف لاہور کوفائنل میچ میں شکست دے کر آل پاکستان ہینڈ بال چیمپین شپ2024منعقدہ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کاٹائٹل اپنے نام کرلیا۔فائنل میچ کے مہمان خصوصی وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان نے فائنل جیتنے والی یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو مبارک باد دی اور کہا کہ آج سپورٹس سپرٹ کو عروج ملا ہے۔

انہوں نے ہینڈ بال چیمپین شپ میں حصہ لینے والی تمام11ٹیموں اور انکی یونیورسٹیوں کو بھی مبارک باد دی جنہوں نے اپنی ٹیموں کو اس بڑے ایونٹ کے لیے تیار کیا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ دیگر جامعات کو بھی ان گیمز میں شرکت کرنی چاہیے تھی تاہم آئندہ اس کیلئے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور جامعات سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیمپین شپ جیتنے والی یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی ٹیم،رنر اپ سپیریئر یونیورسٹی،تیسری پوزیشن کی حامل پنجاب یونیورسٹی لاہور کی ٹیم اور چوتھی پوزیشن پر آنیوالی جامعہ زرعیہ فیصل آباد کی ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

فائنل میچ کی تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس جامعہ زرعیہ ڈاکٹر ہارون زمان نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آل پاکستان ہینڈ بال چیمپین شپ میں کل 11 جامعات کے کھلاڑیوں نے حصہ لیااور ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی خصوصی کاوشوں اور ایچ ای سی کے تعاون سے مذکورہ چیمپین شپ کا انعقاد ممکن ہوا ہے۔چیئرپرسن ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس جامعہ زرعیہ نے کہا کہ اس سپورٹس کمپلیکس میں ورلڈ کلاس سہولیات ہیں اور فی میل کمپلیکس بھی فنکشنل ہے۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ زرعیہ ڈاکٹر اقرار کی قیادت میں سپورٹس کلچر کو مزید فروغ دے گی۔حاجی شفیق صدر ہینڈ بال ایسوسی ایشن پاکستان نے تمام ٹیموں کو چیمپین شپ میں حصہ لینے پر مبارک باد دی اور کہا کہ جامعہ زرعیہ کا یہ سپورٹس کمپلیکس پاکستان کا ہینڈ بال کیلئے سب سے بڑا کمپلیکس ہے جہاں انتظامات بہت ہی بہتر ہیں اور جامعہ زرعیہ کی ہینڈ بال کیلئے کنٹری بیوشن کی مثال نہیں ملتی۔آخر میں تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں نے مہمان خصوصی و دیگر مہمانوں کے ساتھ ٹرافی کے ہمراہ تصاویر بھی بنوائیں۔
وقت اشاعت : 22/05/2024 - 23:40:05