پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 328 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی

ہفتہ 9 مئی 2015 17:33

پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 328 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 مئی۔2015ء) میرپور میں پاکستان نے دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش کو 328 رنز سے شکست دیکر دو میچوں کی سیریز 1-0 سے جیت لی ہے۔پاکستان نے میچ میں بنگلہ دیش کو فتح کیلئے 550 رنز کا ہدف دیا تھا ٗ میزبان ٹیم کیلئے دوسری اننگز میں مومن الحق کے سوا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا مومن 68 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہے ٗمیچ کے چوتھے روز دوسری اننگز میں کھانے کے وقفے کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ٗپاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے ٗ عمران خان نے دو ٗ جنید خان، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی ٗاظہر علی کو ڈبل سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ٗ دونوں میچوں میں سب سے زیادہ رنز بنانے پر وہ سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو میزبان ٹیم کے لیے دوسری اننگز میں مومن الحق کے سوا کوئی بھی بلے باز وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکا مومن 68 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہے۔بنگلہ دیش نے ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز سے دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو تمیم اقبال اور مومن الحق نے سکور میں مزید 23 رنز کا اضافہ کیااس موقع پر عمران خان نے تمیم اقبال کو 42 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کروا کے پاکستان کو اہم وکٹ دلوائی۔

تمیم اقبال اس پوری سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے۔ انھوں نے کھلنا ٹیسٹ میں بھی ڈبل سنچری بنا کر بنگلہ دیش کو میچ برابر کرنے میں مدد دی تھی عمران خان نے ہی دو رنز بنانے والے محمود اﷲ کو یونس خان کے ہاتھوں کیچ کروا کے بنگلہ دیش کی مشکلات بڑھا دیں۔پہلی اننگز میں جارحانہ بلے بازی کرنے والے شکیب الحسن 13 رنز ہی بنا سکے اور حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔

کپتان مشفق الرحیم بغیر کوئی رن بنائے یاسر شاہ کی دوسری وکٹ بنے۔پاکستان کو چھٹی کامیابی کھانے کے وقفے کے بعد فوراً ملی جب وہاب ریاض نے سومیا سرکار کی وکٹ لی۔اسد شفیق نے یاسر شاہ کی گیند پرنصف سنچری بنانے والے مومن الحق کا عمدہ کیچ لے کر بنگلہ دیش کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔میچ کے پہلے دن زخمی ہونے والے شہادت حسین دوسری اننگز میں بھی بلے بازی کیلئے نہ آ سکے اور یوں بنگلہ دیش کی اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر 221 رنز پر ختم ہوگئی پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں یاسر شاہ چار وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے ٗ عمران خان نے دو ٗ جنید خان، وہاب ریاض اور محمد حفیظ نے ایک ایک وکٹ لی۔

تیسرے دن پاکستان کی جانب سے 550 رنز کا ہدف ملنے کے بعد بنگلہ دیش نے کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کے نقصان پر 63 رنز بنائے تھے۔پاکستان نے اس میچ میں بنگلہ دیش کو پہلی اننگز میں 203 رنز پر آؤٹ کرنے کے باوجود فالو آن نہ کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور دوسری اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔یہ اس میچ میں لگاتار دوسرا موقع تھا کہ پاکستان نے اننگز ڈیکلیئر کی۔

پہلی اننگز میں بھی پاکستان نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 557 رنز بنانے کے بعد بنگلہ دیش کو بلے بازی کیلئے کہا تھا۔ٹیسٹ سیریز میں شکست کے باوجود اس دورے کے دوران بنگلہ دیش کی کارکردگی بہت اچھی رہی ۔بنگلہ دیش نے پہلے پاکستان کو تینوں ون ڈے میچوں اور پھر دورے کے واحد ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں بھی ہرایا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان کھلنا میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ بھی بے نتیجہ رہا تھا اور یہ پہلا موقع تھا کہ بنگلہ دیشی ٹیم نو ٹیسٹ میچوں میں پاکستان سے نہیں ہاری۔

وقت اشاعت : 09/05/2015 - 17:33:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :