واپڈا کے زیر اہتمام 48 ویں نیشنل والی بال چمپئن شپ کا آغازکردیاگیا

پیر 11 مئی 2015 21:28

واپڈا کے زیر اہتمام 48 ویں نیشنل والی بال چمپئن شپ کا آغازکردیاگیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 مئی۔2015ء ) واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں 48وین قومی والی بال چمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا ۔ یہ چمپئن شپ 11 سے 17 مئی تک جاری رہے گی ۔ چمپئن شپ کا افتتاح چیئرمین واپڈا ظفر محمود جو کہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرست ِ اعلیٰ بھی ہیں نے سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی تقریب میں کیا ۔ ایم ڈی ایڈمن اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر یوسف نسیم کھوکھر ،سینئر افسران ، چمپیئن شپ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز نے اس افتتاحی تقریب میں حصہ لیا ۔

واپڈا نے چمپیئن شپ کا انعقاد پاکستان والی بال فیڈریشن کے ساتھ مل کر کیا ۔ چمپیئن شپ میں مجموعی طور پر 11 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کا تعلق پنجاب ، سندھ ، خیبرپختونخواہ ، بلوچستان ، آزاد کشمیر فاٹا ، واپڈا ، پاکستان آرمی، پاکستان نیوی ، پاکستان ایئر فورس اور پولیس سے ہے ۔

(جاری ہے)

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ قومی یکجہتی کے فروغ میں کھیل مرکزی کردار ادا کرتے ہیں ۔

اُنہوں نے کہا کہ واپڈا سپورٹس بورڈ 1960 ء سے لے کر آج تک کھیلوں کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اس چمپیئن شپ سمیت کھیلوں کے دیگر مقابلہ جات کا انعقاد واپڈا اپنی کارپوریٹ سماجی ذمہ داری کے طور پر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مقابلہ جات کا مقصد ملک میں سپورٹس کے کلچر کو فروغ دینا اور نوجوانوں میں مثبت روّیے،تعمیری طرزِ فکر اور سپورٹس میں سپرٹ پیدا کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ واپڈا نے کھیلوں کے فروغ کے لئے اپنے بجٹ میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ساتھ واپڈا ملک میں پانی کی بچت کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کے لئے کھلاڑیوں کو اپنا سفیر مقرر کرے گا ۔ اپنے خیر مقدمی خطاب میں واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر نے واپڈا کے کھیلوں کے حوالے سے خدمات پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا اس وقت واپڈا 28 کھیلوں میں قومی چمپیئن ، 16 میں دوسری اور 8کھیلوں میں تیسری پوزیشن کا حامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا انڈاؤ منٹ فنڈ کے ذریعے چائلڈ اتھلیٹکس کو بھی سپانسر کر رہا ہے ۔

وقت اشاعت : 11/05/2015 - 21:28:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :