سیپ بلاٹر کو بہت جلد گرفتار کر کے فیفا سے باہر کر دیا جائے گا، چیئرمین فٹ بال ایسوسی ایشن گریگ ڈائیکے

ہفتہ 6 جون 2015 21:14

سیپ بلاٹر کو بہت جلد گرفتار کر کے فیفا سے باہر کر دیا جائے گا، چیئرمین فٹ بال ایسوسی ایشن  گریگ ڈائیکے

لندن ۔ 06 جون (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 06 جون۔2015ء) فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین گریگ ڈائیکے نے یقین ظاہر کیا ہے کہ سیپ بلاٹر کو بدعنوانی کے الزامات میں بہت جلد گرفتار کر کے فٹ بال کی عالمی تنظیم (فیفا) سے باہر کر دیا جائے گا۔ بدعنوانی کے الزامات میں گھری فیفا کو ان دنوں سخت چیلنجز کا سامنا ہے اور گزشتہ ماہ منعقدہ فیفا صدارتی انتخابات کے دو روز قبل سوئٹزرلینڈ میں فیفا کے کئی عہدیداران کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بلاٹر پانچویں بار صدارت کی کرسی حاصل کرنے میں کامیاب رہے تھے لیکن چند روز بعد انہوں نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ نئے جانشین کے منتخت ہونے تک وہ باڈی کے امور چلاتے رہیں گے۔ فٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئرمین گریگ کا کہنا ہے کہ بلاٹر کو ایک دو ماہ کے اندر گرفتار کر کے فیفا سے باہر کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر روس اور قطر کو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کی میزبانی دینے کے حوالے سے کرپشن کے الزامات ثابت ہو گئے تو انگلینڈ 2018ء یا 2022ء میں شیڈول میگا ایونٹس کی میزبانی نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بلاٹر فیفا کے بینک اکاؤنٹس سے سابق نائب صدر جیک وارنر کو بھیجی گئی رقم کی تفصیلات اچھی طرح جانتے ہیں اسلئے انہیں بدعنوانی کو تسلیم کر لینا چاہیے۔

وقت اشاعت : 06/06/2015 - 21:14:01