اظہر علی نے بنگلہ دیش کیخلاف شکست کی وجہ بتا دی

Fahad Shabbir فہد شبیر اتوار 7 جون 2015 23:29

اظہر علی نے بنگلہ دیش کیخلاف شکست کی وجہ بتا دی

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔7جون۔2015ء) پاکستان کی موجودہ ٹیم میں شامل قابل اعتبار کھلاڑیوں میں سے ایک ون ڈے ٹیم کے کپتان اور ٹیسٹ کے نائب کپتان اظہر علی نے ایک روزہ میچز کی قیادت سنبھالنے کے بعد سے تیزی سے ابھر کر سامنے آئے ہیں۔ لاہور سے تعلق رکھنے والے تیس سالہ اظہر علی نے ورلڈکپ کے بعد مصباح الحق اور آل راﺅنڈر شاہد آفریدی کی ریٹائرمنٹ کے بعد ون ڈے ٹیم کی قیادت سنبھالی۔

پہلے جنھیں محدود اوورز کی کرکٹ کے لیے غیرموزوں سمجھا جاتا ہے اب وہی اظہر علی بنگلہ دیش اور زمبابوے کے خلاف حالیہ میچز میں سب سے نمایاں رہے۔ دو سال سے زائد عرصے کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپس آنے والے اظہر علی نے اس سے پہلے آخری بار میچ تین جنوری 2013 کو ہندوستان کے خلاف کولکتہ میں کھیلا تھا، تاہم اپریل میں بنگلہ دیش کے ہاتھوں تین صفر سے شکست کے دوران اظہر علی نے بالترتیب 72، 36 اور 101 رنز بنائے جبکہ زمبابوے کے خلاف گزشتہ ماہ تاریخی سیریز میں انہوں نے 79، 102 اور 46 رنز اسکور کیے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے اظہر علی نے کہا " بیشتر افراد نے بنگلہ دیش کے دورے کے موقع پر آنے والے نتیجے کا سوچا نہیں تھا، ہم تسلیم کرتے ہیں کہ بنگلہ دیش نے پرجوش ہوم کراﺅڈ کے سامنے خود کو زیادہ بہتر ٹیم ثابت کیا، اپنے ملک کی پہلی بار قیادت کرنے کے باعث میں شرمندگی محسوس کرنے لگا تھا"۔ انہوں نے کہا " اس طرح کی صورتحال میں کوئی بھی کچھ نہیں کرسکتا، ذاتی طور پر بیٹنگ کے لحاظ سے میرے لیے وہ اچھی سیریز تھی کیونکہ میں ان لوگوں کے سامنے مضبوط بیان دینا چاہتا تھا جو بطور ون ڈے کھلاڑی میری اہلیت پر شکوک کا اظہار کرتے تھے"۔

اظہر علی نے کہا " ورلڈکپ کے لیے نظر انداز کیا جانا ایسا امر تھا جو میں اب تک سمجھنے سے قاصر ہوں، مگر میں نے اپنی مایوسی پر قابو پایا اور درحقیقت اس سے میرے اندر لوگوں کو غلط ثابت کرنے کا عزم پیدا ہوا۔ میں ون ڈے کپتان اور اننگ کا آغاز کرنے کے حوالے سے کامیاب رہا ہوں"۔

وقت اشاعت : 07/06/2015 - 23:29:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :