قائد اعظم گیمز کے فاتح کھلاڑیوں میں 22لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور سرٹیفکیٹس تقسیم

اتوار 15 جون 2025 17:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2025ء) سیکرٹری کھیل عبدالعلیم لاشاری نے کہا ہے کہ سندھ کے کھلاڑیوں نے قائد اعظم گیمز میں بہت محنت کرکے میڈلز جیتے ہیں۔اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائد اعظم گیمز میں میڈلز جیتنے والے سندھ کے کھلاڑیوں میں وفاق سے ملنے والی 22 لاکھ روپے سے زائد کی رقم اور سرٹیفکیٹس تقسیم کرنے کی منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں161کھلاڑیوں میں یہ رقم تقسیم کی گئی جنہوں نے قائد اعظم گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سیکرٹری کھیل نے سندھ یوتھ کلب گلستان جوہر میں دو روزہ فوٹو گرافی نمائش کا بھی افتتاح کیا۔انہوں نے سندھ کے نوجوان کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی موجودگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ کراچی میں 6دسمبر سے 13دسمبر تک نیشنل گیمز ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے کھلاڑی اس میں زیادہ سے زیادہ محنت کریں گے اور میڈلز جیتیں گے۔ تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری کھیل اسد اسحاق، ڈپٹی ڈائریکٹر سید حبیب اور کراچی کے تمام ڈی ایس اوز اسپورٹس بھی شریک تھے۔
وقت اشاعت : 15/06/2025 - 17:30:03